جموں //صحت و طبی تعلیم کے فائنانشل کمشنر اٹل ڈولو نے گورنمنٹ گاندھی نگر ہسپتال کا دورہ کیا اور کورنا وباء سے مقابلہ کرنے کیلئے حال ہی میں چالو کئے گئے نئے بلاک میں آئسو لیشن سہولیات کا جائیزہ لیا ۔ دورے کے دوران فائنانشل کمشنر نے متعلقہ حکام کو طبی نگہداشت کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گاندھی نگر ہسپتال کو تیسرے درجے کا ہسپتال بنانے کیلئے وہاں کووڈ 19 سے موثر طریقے پر مقابلہ کرنے کیلئے تمام ساز و سامان سے لیس کیا جائے گا ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فائنانشل کمشنر نے حال ہی میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران طبی افسران کو ہدایات دی تھیں کہ وہ دوسرے درجے کے ہسپتالوں کو تیسرا درجہ جبکہ پہلے درجے کے ہسپتالوں کو دوسرے درجے تک اپ گریڈ کرنے کے سلسلے میں سنجیدہ کوششیں عمل میں لائیں تا کہ دیگر ہسپتالوں پر مریضوں کا رش کم کیا جا سکے۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ایل ڈی بھگت نے فائنانشل کمشنر کو بتایا کہ 200 بستروں والے نئے بلاک کو کووڈ 19 مریضوں کیلئے مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کو بہتر طبی نگہداشت فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اٹل ڈولو نے ڈاکٹروں ، نرسوں اور نیم طبی عملے کی اُن کوششوں کو سراہا جو انہوں نے کووڈ 19 مریضوں کیلئے بہت کم مدت کے اندر ہسپتال کو تیار کیا ۔ فائنانشل کمشنر کے ہمراہ ڈائریکٹر کوارڈینیشن نیو میڈیکل کالجز ، چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ ، چیف انجینئر مکینیکل اور محکمہ صحت کے دیگر اعلیٰ افسران بھی تھے ۔