جموں//ڈائریکٹر جنرل پولیس جیل خانہ جات وی کے سنگھ نے اُتر پردیش میں واقع نینی تال سینٹرل جیل کا دورہ کیا جہاں جموں کشمیر کے 16 قیدی موجود ہیں ۔ ڈی جی پی نے اِن قیدیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اُن کی صحت کے بارے میں اِستفسار کیا ۔ جیل سپرانٹنڈنٹ اور دیگر افسران ڈی جی پی کے ہمراہ تھے ۔ وی کے سنگھ کو بتایا گیا کہ َان قیدیوں کو اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ ملاقات کی اجازت دی جاتی ہے اور مسلسل بنیادوں پر اُن کی طبی جانچ بھی کی جاتی ہے ۔ اُنہیں مزید بتایا گیا کہ ضرورت پڑنے کی صورت میں ان قیدیوں کو مناسب طبی سہولت فراہم کی جاتی ہے ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ اُتر پردیش کی مختلف جیلوں میں اس وقت جموں کشمیر کے 198 قیدی بند ہیں ۔ اِس سے قبل ڈی جی پی جیل خانہ جات نے اُتر پردیش کے پرزن ہیڈ کوارٹر ، سینٹرل جیل وارنسی اور ضلع جیل لکھنؤ کا دورہ کیا ۔