سرینگر //جموں وکشمیر میں سوموار کو بیرونی ریاستوں اور ممالک سے آنے والے 299افراد سمیت نئے 2135مثبت معاملات سامنے آئے ، جبکہ اس دوران روزانہ فوت ہونے والے افراد کی تعداد میںابتک ریکارڈ تعداد درج کی گئی ۔پیرکو ریکارڈ 25افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ پچھلے24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 34530ٹیسٹ کئے گئے جن میں 2133کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ نئے2135متاثرین میں 791جموں جبکہ 1344کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 1344افراد میں 193افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے کشمیر لوٹے جبکہ 1151افراد مقامی سطح پر رابطہ میں آنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ متاثرین میں سرینگر میں 632، بارہمولہ میں136، بڈگام میں 133، پلوامہ میں26، کپوارہ میں81، اننت ناگ میں93، بانڈی پورہ میں53، گاندربل میں43، کولگام میں139 اور شوپیاں میں8افراد متاثر ہوئے ہیں۔ پیر کو وادی میں مزید 11متاثرین وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں مہجور نگر کا70سالہ ، قمرواری کی50سالہ خاتون، برین نشاط کا 59سالہ شخص، دمہال ہانجی پورہ کا75سالہ ، شوپیاں کا 32سالہ نوجوان، مسلم پیر پی ڈی سوپور کا 45سالہ ، پانپورکا 80سالہ معمر شخص، ٹنگمرگ کا75سالہ شہری اور صفاپورہ بانڈی پورہ کا 85سالہ معمر شہری شامل ہیں۔ وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 1344تک پہنچ گئی ہے جبکہ یہاں97ہزار 581وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبہ میں بھی پیر کو 791افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جن میں 106بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے واپس لوٹے ہیں جبکہ 685مقامی سطح پر رابطہ میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں کے تازہ متاثرین میں ضلع جمو ں میں472، ادھمپور میں20، راجوری میں46، ڈوڈہ میں33، کٹھوعہ میں33، سانبہ میں13، کشتواڑ میں13، پونچھ میں22، رام بن میں4 اور 135متاثرین کا تعلق ضلع ریاسی سے ہے۔ جموں صوبہ میں متاثرین کی مجموعی تعداد 65ہزار309تک پہنچ گئی۔ پیر کو جموں صوبہ میں 14افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والو ں میں6جی ایم سی جموں، زچگی ہسپتال ستواری میں1، ادھمپورہ میں 1، پی جی آئی چندی گڑ ھ میں1شخص فوت ہوا ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 828تک پہنچ گئی جبکہ جموں وکشمیر میں مرنے والوں کی مجموعی تعداد 2172ہوگئی ہے۔ متاثرین کی تعداد 1لاکھ 62ہزار 890تک پہنچ چکی ہے۔
ضوابط کی خلاف ورزی
کنزر میں 9دکانیں سیل، بڈگام میں 17گرفتار، 6کیخلاف کیس درج
نیوز ڈیسک
سرینگر // کوویڈ 19 رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی پاداش میں 633افراد پر آج تک جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ 6ایف آئی آر درج اور 17 گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں ۔جموں وکشمیر پولیس نے جہاں مختلف علاقوں میں عوام میں آگاہی مہم شروع کی ہے اور لوگوں میں ماسک تقسیم کئے، وہیںکوویڈ 19 رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں بھی انجام دی ہیں اورگذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 17افراد کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی اور 6افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا ہے ۔بتایا جاتا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے 633 افراد سے 98,850روپے کا جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے ۔ بڈگام میں ایس ایس پی کی صدارت میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میںپولیس نے ضلع کی مساجد میں کوویڈ 19سے بچائو کیلئے ائمہ اور مذہبی رہنمائوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔پولیس نے کمیونٹی ممبران سے ایک بار پھر عوامی تحفظ کیلئے کوویڈ رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اپیل کی اور پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کا مشورہ دیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے وادی کشمیر کے تمام اضلاع میں خصوصی مہم جاری رکھی جائے گی۔ادھر ٹنگمرگ میں انتظامیہ نے سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں9دکانوں کو سربمہر کیا ۔ کنزر علاقے میں انتظامیہ نے 9دکانوں کو سیل کیا۔پیر صبح میونسپل حکام،ایس ایچ اور اور دیگر افسران نے بازار کا دورہ کر کے یہاں سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کی دکانیں سیل کیں۔