سرینگر//سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سنیچر کو پولیس کی طرف سے ایک فوجی اہلکار کو ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد جانے دیا گیا۔مذکورہ اہلکار کو دو خواتین کیساتھ حراست میں لیا گیا تھا ۔سنیچر کو سپائس جٹ طیارے سے فوجی اہلکار کو 2 لڑکیوں سمیت وادی سے باہر جانے کی کوشش کے دوران پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتار کی گئی لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی مرضی سے فوجی اہلکار کے ساتھ سفر کر رہی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد میں تینوں کو ابتدائی پوچھ تاچھ کے بعد جانے کی اجازت دی گئی،جس کے دوران خاتون اور اس کی نزدیکی رشتہ دار لڑکی کو اہل خانہ کے سپرد کیا گیا۔فوج کا کہنا ہے کہ اہلکار کے خلاف کارروائی کی جائے گی کیونکہ ضوابط کے تحت انہوں نے معیاری عملیاتی طریقہ کار کی خلاف ورزی کی ہے۔ فوجی اہلکار کی شناخت فوج کے13آرآر سے وابستہ لائس نائک اشوک کمار ولد راجندر پال ساکن باغ پت اتر پردیش کے بطور ہوئی،جبکہ دونوں لڑکیاں بانڈی پورہ کے اجس علاقے سے تعلق رکھتی ہیں۔