’آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن ‘کا آغاز | حکومت سب کو سستا علاج دستیاب کرنے کیلئے پُرعزم :مودی

نئی دہلی// وزیراعظم نریندر مودی نے غریبوں، خواتین اور درمیانہ طبقہ سستا اور بہتر علاج دستیاب کرانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے پیر کو کہا کہ ملک میں شمولیاتی اور جامع صحت کی سہولیات کا ایک مضبوط بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے ۔مودی نے آیوشمان بھارت- پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا کی تیسری سالگرہ کے موقع پر آن لائن منعقدہ پروگرام میں ‘آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن’ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پورے ملک میں صحت کی سہولیات، ہسپتال، ڈاکٹر، فارمیسی، ادویات کی دکانیں اور مریض ایک پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گے ۔ پلیٹ فارم سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی شہریوں کو سینئر ڈاکٹروں اور ماہرین کے مشورے حاصل ہوسکیں گے ۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سات برسوں سے جاری صحت سہولیات کو مضبوط کرنے کی مہم آج نئے مرحلہ میں داخل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہم ایک مشن شروع کررہے ہیں جس میں ہندستان کی صحت سہولیات میں انقلابی تبدیلی لانے کی صلاحیت ہے ۔وزیر اعظم نے بتایا کہ ہندستان شمولیاتی اور جامع صحت صحت ماڈل پر کام کررہا ہے ۔ یہ ماڈل صحت دیکھ بھال اور بیماری کے معاملے میں آسان، کفاتی اور قابل رسائی علاج پر زور دیتا ہے ۔ طبی تعلیم میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ سے سات سالوں کے مقابلہ میں ہندستان میں بہت زیادہ تعداد میں ڈاکٹر اور مساوی طبی افرادی قوت تیار کی جارہی ہے ۔ ملک میں ایمس اور دیگر جدید طبی اداروں کا ایک وسیع نیٹورک قائم کیا جارہا ہے اور ہر تین لوک سبھا حلقوں میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کا کام چل رہا ہے۔