سرینگر// اتحاد المسلمین ،پیروان ولایت اور پیپلز فریڈم لیگ نے مسئلہ کشمیرکے سلسلے میںایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے بیان پر اُن کا شکریہ ادا کیا ہے ۔واضح رہے کہ خامنہ ای نے اپنے عید خطبے میں کہا کہ یمن، بحرین اور کشمیر بڑے مسائل کا شکار ہیں اور یہ مسائل عالم اسلام کے جسم پر زخموں کی علامت ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اسلامی سرزمنیوں پر غیر دینی قوتوں کے تسلط کے خلاف آواز بلندکرناہر مسلمان کا فرض ہے۔سپریم لیڈر نے کہا کہ مظلوم عوام کی بھر پور حمایت تمام مسلمانوں کا فرض ہے اور مسلم دنیا کو کشمیری عوام کی حمایت میں قدم بڑھانا چاہئے۔اس موقع پر خامنہ ای نے کہا” ہم ایسے لوگوں کو بھی مسترد کرتے ہیں جو رمضان المبارک میں نہتے اور بے گناہ عوام پر حملے کرتے ہیں“۔ اتحاد المسلمین کے صدر اور حریت(ع) رہنما مولانا مسرور عباس انصاری نے خامنہ ای کے اس بیان پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمیشہ عالمی سطح پر مظلوم عوام خاص کر فلسطین ، شام ، یمن ، بحرین اور کشمیری عوام کا سب سے بڑا حامی رہا ہے ۔ انصاری نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ حکومت ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو مستحکم بنائے تاکہ التوا میں پڑے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کےلئے حکومت ہندوستان پر دباﺅ بڑھایا جا سکے ۔اپنے ایک بیان میں انصاری نے خامنہ ای کی جانب سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کے تئیں مسلم امہ پر اپنی حمایت جاری رکھنے کےلئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کشمیری عوام اپنی جائز اور حق و انصاف پر مبنی جدوجہد کےلئے اُن کے مشکور ہیں ۔ پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی ،صدر مولانا شبیر احمد صوفی اور سیکریٹری جنرل آغا سید یعسوب نے اپنے الگ الگ بیانات میںخامنہ ای کے اعلان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا سب سے بڑا حامی لیڈر قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں تنظیم کے سربراہ مولانا قمی نے کہا ہے کہ ایران روز اول سے کشمیری قوم کا حامی ملک رہا ہے جس نے وقتاً فوقتاً کشمیریوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر میں جاری نسل کشی کو روکنے کیلئے اقوام عالم کی طرف رجوع کیا اور کشمیری عوام کی جدوجہد کی حمایت کی ۔ مولانا قمی نے کہا” آج تک کئی بار اسلامی جمہوریہ ایران نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے ہندوستان اور پاکستان کو ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش بھی کی ہے“ مولانا قمی نے خامنہ کا یہ بیان یمن ،بحرین اور کشمیری قوم کے لئے عید کا تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس بزرگ قائد نے آج تک کئی بار کشمیریوں کے ساتھ ہمدردی اور حمایت کا اعلان کیا اور مظلومین و مستضعفین کی بھر پور حمایت کی۔پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے ایران پر زوردیا کہ وہ بھارت پر دباﺅ ڈالیں تاکہ التوا میں پڑے مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیری عوام کےلئے بہت بڑی فتح ہے اور آگے چل کر مسئلہ کشمیر کے حل کے ضمن میں اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے۔