سانتا روژا//شمالی کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگی بھیانک آگ سے مرنے والوں کی تعداد 43ہوگئی ہے جبکہ سینکڑوں لوگ اب بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں ۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ تیزی سے پھیلی جس کے سبب ہزاروں لوگوں کو اپنا گھر چھوڑ کر محفوظ مقامات پر جانا پڑا۔ تقریباً 10ہزار فائر فائٹر ایئر ٹینکروں اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعہ گزشتہ سات دنوں سے 2لاکھ14 ہزار ایکڑ میں پھیلی آگ کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کیلیفورنیا کی تاریخ میں سب سے تباہ کن آتشزدگی سے کل تک 40 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور ان میں سے 22افراد کی موت صرف سونوما میں ہوئی ہے ۔ آگ کی وجہ سے تقریباً ایک لاکھ لوگوں کو اپنا گھر بار چھوڑنا پڑا ہے ۔اس میں سان فرانسسکو سے 80کلو میٹر دورشمال میں واقع سانتا روژاسے نقل مکانی کرنے والے تین ہزار لوگ بھی شامل ہیں۔ کیلیفورنیا کے گورنر جیری براؤن نے یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا -''یہ کیلیفورنیا کی تاریخ میں اب تک سب سے بڑا سانحہ ہے ۔تباہی ناقابل یقین ہے ۔یہ ایک دہشت ہے جس کو کوئی تصور نہیں کرسکتا''۔رائٹر