نئی دہلی //چنئی سپر کنگز کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کل جب ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا تو کئی لوگ حیران رہ گئے تھے۔ سبھی امید کر رہے تھے کہ ٹاس جیتنے والے کپتان پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ حالانکہ دھونی نے پہلے بلے بازی کر کے بھی دہلی کو بہ آسانی 27 رنوں سے شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی نہ صرف چنئی نے اپنے لیے آگے کی راہ بہت آسان کر لی ہے، بلکہ دہلی کی ’پلے آف‘ میں پہنچنے کی امید بھی ختم ہو گئی۔ دہلی نے ابھی تک 11 میچوں میں 4 جیت اور 7 شکست کے ساتھ 8 پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ یعنی اگر اپنے باقی 3 میچ بھی دہلی جیت جائے تو 14 پوائنٹس ہی ہوگا، جبکہ گجرات اور چنئی پہلے ہی بالترتیب 16 اور 15 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں۔ باقی دو ٹیموں کے لیے جنگ دلچسپ ہے جس میں 4 ٹیمیں 11-11 میچوں میں 10 پوائنٹس حاصل کر چکی ہیں، ممبئی 11 میچوں میں 12 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل میں تیسرے مقام پر اور لکھنو 11 میچوں میں 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر ہے۔بہرحال، آج پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چنئی کی ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں 8 وکٹ کے نقصان پر 167 رن کا اسکور کھڑا کیا تھا۔ ٹیم کی طرف سے کسی نے بھی بہت بڑی پاری نہیں کھیلی، لیکن سبھی کھلاڑیوں نے چھوٹا چھوٹا تعاون دے کر ٹیم کو اچھے اسکور تک پہنچایا۔ سب سے بڑا اسکور شیوم دوبے نے بنایا جنھوں نے 25 رن بنانے کے لیے محض 12 گیندیں کھیلیں۔