بانہال// آئی ٹی آئی کالج بانہال میں پینے کے پانی کی شدید قلت کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں اور سٹاف کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور محکمہ کی طرف سے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ بانہال سے دو کلومیٹر دور ہالی میدان میں قائم اس ITIکالج کو 2014 میں شروع کیا گیا ہے لیکن تب سے اب تک یہاں محکمہ جل شکتی کی طرف سے پینے کے پانی کی مستقیل سپلائی ممکن نہیں بنائی گئی ہے جس نے سٹاف اور طالب علموں کو شدید مشکلات میں ڈال رکھا ہے ۔آئی ٹی ائی کالج بانہال کے ذرائع نے بتایا کہ مختلف شعبوں میں ڈیڑھ سو کے قریب بچے زیر تعلیم ہیں لیکن پانی کی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے کالج کا ٹوائلٹ کمپلیکس ، باتھ روم اور واش روم پانی کے بغیر ناقابل استعمال ہوچکے ہیں اور اس صورتحال کی وجہ سے یہاں زیر تعلیم طالبات کو روزانہ کی بنیادوں پر ناقابل بیان پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ ٹوائلٹ کمپلیکس اور واش روم گندے ہوئے ہیں اور ان میں داخل ہونا ناممکن ہوتا ہے۔ آئی ٹی آئی بانہال کے سٹاف ممبران کا کہنا ہے کہ کالج کوپینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے محکمہ جل شکتی کے ضلع حکام کو کئی بار لکھا گیا ہے لیکن اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود کی پائپ لائین دینے کے باوجود پانی میسر نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی طرف سے ہر گھر جل پہنچانے کا قومی مشن یہاں ملازمین کی عدم توجہی کا شکار ہے اور کالج کی عمارت پچھلے سات سال سے پینے کے پانی کا کنکشن فراہم کرنے کیلئے ترس رہی ہے ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف توجہ دیں اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔اس بارے میں بات کرنے ایگزیکٹو انجینئر جل شکتی سب ڈویژن نے کہا کہ آئی ٹی آئی کو ایک نالے میں بہہ رہے چشمے سے آئی ٹی آئی کالج کو پینے کا پانی فراہم کیا جارہا ہے اور اگر بارشوں کی وجہ سے سپلائی میں کوئی کمی آئی ہے تو اسے دور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی آئی کو پانی کی مستقل سپلائی فراہم کرنے کیلئے ضابطے کی رو سے ایک تخمینہ متعلقہ محکمہ کو دیا گیا یے اور جیسے ہی محکمہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے حکام کی طرف سے تخمینہ کی رقم محکمہ جل شکتی کو جیسے ہی واگذار کی جائے گی ہم آئی ٹی آئی کالج کو مزید بہتری کے ساتھ پانی کی سپلائی میسر رکھیں گے ۔