سڈنی/ ہندوستان نے بارش کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف جمعرات کو سیمی فائنل میچ منسوخ ہو جانے سے پہلی بار آئی سی سی خواتین ٹی -20 ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا جہاں خطاب کے لئے اس کا مقابلہ اتوار کو آسٹریلیا سے بین الاقوامی یوم خواتین کے دن میلبورن میں ہوگا۔ہندستان اور انگلینڈ کے درمیان یہاں سیمی فائنل مقابلے میں پہلے سے بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور یہ طے تھا کہ اگر میچ دھل جاتا ہے تو ہندستانی ٹیم اپنے بہتر گروپ ریکارڈ کی وجہ سے فائنل میں پہنچ جائے گی۔ آخر میں یہی ہوا۔ سیمی فائنل بارش کی وجہ سے منسوخ کر دینا پڑا اور ہندستانی ٹیم خطابی مقابلے میں پہنچ گئی۔بادلوں اور بارش نے صبح سے ہی انگلینڈ کے خیمے کو مایوسی میں ڈال رکھا تھا جبکہ ہندستانی خیمے میں خوشی کے بادل منڈلا رہے تھے ۔ اگرچہ فارم میں چل رہی ہندستانی ٹیم مقابلے کو جیت کر فائنل میں پہنچنا پسند کرتی لیکن ٹیم اس بات کے لئے پر امید تھی کہ بہتر گروپ ریکارڈ اس کے حق میں تھا۔بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھا تھا اور میچ منسوخ ہونے سے ہندستانی ٹیم خطابی مقابلے میں پہنچ گئی جبکہ انگلینڈ کو باہر ہو جانا پڑا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق اگر بارش کی وجہ سے سیمی فائنل میچ منسوخ کیا جاتا ہے تو گروپ مرحلے میں بہتر ریکارڈ رکھنے والی ٹیم فائنل میں پہنچ جائے گی۔ ہندستان نے اپنے گروپ اے میں اپنے چاروں میچ جیتے تھے جبکہ انگلینڈ نے گروپ بی میں چار میں سے تین میچ جیتے تھے ۔ہندستانی ٹیم 2018 ٹی -20 عالمی کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے ہاتھوں ہار کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی لیکن اس بار بارش نے انگلینڈ کو کوئی موقع نہیں دیا۔ ہندستان کا فائنل میں آسٹریلیا سے اتوار کو میلبورن میں خطابی مقابلہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ نے بارش سے متاثرہ دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو پانچ رنز سے شکست دے دی۔ہندستان نے گروپ مرحلے میں گزشتہ چمپئن آسٹریلیا کو 17 رنز سے ، بنگلہ دیش کو 18 رنز سے ، نیوزی لینڈ کو تین رنز سے اور سری لنکا کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ ہندستان اب فائنل میں پھر آسٹریلیا سے نبرد آزما ہو گا اور اس کے پاس اتوار کو خواتین کے عالمی دن تاریخ بنانے کا موقع رہے گا۔انگلینڈ نے ہندستان کو 2017 کے آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں اور 2018 میں ٹی -20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں شکست دی تھی لیکن اس بار اس کے ارمانوں پر بارش نے پانی پھیر ڈالا۔سڈنی میں منگل کو پاکستان اور تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے آخری گروپ میچ بارش سے متاثر رہے تھے اور ان میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا تھا۔ پاکستان اور تھائی لینڈ میچ میں صرف تھائی لینڈ کی اننگز پوری ہوئی تھی جبکہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے میچ میں ٹاس بھی نہیں ہو پایا تھا اور میچ بغیر کوئی گیند پھینکے منسوخ ہو گیا تھا۔ اسی وقت یہ خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ سیمی فائنل کا بھی یہی حال ہوگا۔ آئی سی سی کو سیمی فائنل کے لئے کوئی ریزرو ڈے نہیں رکھنے کی وجہ سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔