سرینگر//جموں میں دربار موملازمین نے آج یعنی سوموار سے ٖیر معینہ عرصہ تک ہڑتال کرنیکا فیصلہ کرتے ہوئے سرینگر میں جے سی سی کے بینر تلے احتجاجی مظاہرہ کرینکا اعلان کیا ہے۔دربار مو ایمپلائز فیڈریشن کے صدراُویس وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ سوموار سے جموں میں مقیم ہزاروں ملازمین ہڑتال پر جائیں گے۔انکا کہنا تھا کہ دربار دفاتر کے جتنے بھی کیمپ آفس سرینگر میں قائم ہیں انکے ملازمین جے سی سی کے بینر تلے آج سرینگر کی پریس کالونی میں احتجاج کریں گے۔وانی نے مزید بتایا کہ انہوں نے 5نکات پر مشتمل مطالبات حکومت کو پیش کردیئے ہیں اور تب تک ملازمین ڈیوٹیوں پر نہیں آئیں گے جب تک نہ ان کو منظور کیا جاتا۔ وانی نے کہا کہ گزشتہ دنوں سے کشمیری ملازمین کے رہائشی کوارٹروں پر مسلسل حملے ہورہے ہیں ، انکی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا اور یہ سب جموں پولیس کی نگرانی میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین جموں پولیس کی یقین دہانیوں پر یقین نہیں کرسکتے کیونکہ انہوں نے بلوائیوں کیخلاف بھر وقت کارروائی نہیں کی بلکہ انہیں کھلی چھوٹ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ جموں میں پولیس پر چونکہ بھروسہ اٹھ گیا ہے لہٰذا وہ اہل خانہ کو اکیلے نہیں چھوڑ سکتے، یہاں کچھ بھی ہوسکتا ہے، یہاں تحفظ کی کوئی گارنٹی نہیں ہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ دربار مو ملازمین کے اہلخانہ کی حفاظت کے لیے ٹھوس اقدامات اُٹھائیں۔انکا کہنا تھا کہ ملازمین کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی جائے،انکے اہل کانہ کو سرینگر تک گاڑیوں کا بندوبست کیا جائے، ملازمین کیلئے ضروری اشیائے خورد نوش مہیا کیا جائے، ملزمین کی تباہ شدہ گاڑیوں کا معاوضہ فراہم کرنے کیساتھ ملوث افراد کیکؒاف قانونی کاررواء عمل میں لائی جائے،نیز جو پر تشدد کارروائیاں رونما ہوئیں انکی اعلیٰ سطحی تحقیقات عمل میں لاکر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جموں میں دربار ملازمین کی تعداد قریب 9000ہے اور انکی جان خطرے میں ہے، لہٰذا حکومت انکے جان و مال کو یقینی بنانے کے علاوہ انکے اہل و عیال کی سرینگر واپسی کیلئے بندوبست کرے۔انہوں نے کہا کہ سوموار کو سرینگر کیمپ آفس اور رخصت پر گئے دربار موملازمین پریس کالونی میں احتجاج کریں گے۔اس دوران سیکریٹریٹ ایمپلائز یونین کے صدر غلام رسول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے تحریری طور پر ریاستی سرکار کو آگاہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں سیکریٹریٹ ملازمین ڈیوٹیوں پر حاضر نہیں ہوسکتے، کیونکہ نہ سرف انکی جان کو خطرہ ہے بلکہ انکے اہل خانہ کی زندگی بھی خطرے سے دوچار ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں پولیس پر وہ بھروسہ نہیں کرسکتے جن کے سامنے بلوائیوں نے لوٹ مار کی، لہٰذا انہیں معقول سیکورتٰ مہیا کرنے کے علاوہ انکے اہل خانہ کو سرینگر جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کیا جائے۔