سرینگر // مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی،میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے میونسپل اور پنچایتی انتخابات کے آغاز پر8 اکتوبر2018ء کو پورے جموںوکشمیر میںمکمل احتجاجی ہڑتال کی اپیل کرتے ہوئے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابات کے دنوں یعنی10 اکتوبر13 اکتوبر اور16 اکتوبر2018 ء کو جن جن علاقوں میں میونسپل انتخابات ہو رہے ہیں، اُن علاقوں میں احتجاجی ہڑتال کریں اور انتخابات سے عملاً لا تعلقی کا اظہار کریں۔قائدین نے کہا کہ یہ انتخابی ڈرامہ کشمیریوں پر ظلم و ستم کی ایک اور داستان بیان کرتا ہے اور اس سے یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ اگر پوری قوم حتیٰ کہ مقامی ہند نواز جماعتیں بھی ان انتخابات کا بائیکاٹ کر رہی ہیں اس کے باوجود بھارت عوامی جذبات کی پرواہ کئے بغیرمحض ریاست جموں کشمیر میں اپنے قبضے کو دوام بخشنے کیلئے طاقت کے بل پریہ انتخابات منعقد کرارہا ہے۔ انہوں نے کہا اس سے بڑھ کر مضحکہ خیزکیا بات ہوسکتی ہے کہ جو لوگ ان انتخابات میںلوگوں کے نمائندہ بننے کا دعویٰ کر رہے ہیںان کے بارے میں لوگوں کو کوئی علمیت نہیں ہے ۔گیلانی اور میرواعظ نے لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک کو گرفتار کرنے اور دیگر رہنمائوں و کارکنوں کوسیفٹی ایکٹ کے تحت پابند سلاسل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوںکو یہ بات جان لینی چاہئے کہ گرفتاریوں اور نظر بندیوں سے نہ تو قیادت اور نہ ہی عوام کو حق خود ارادیت کی تحریک سے دور رکھا جاسکتا ہے۔