عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کی عوام نے حکام سے مانگ کی ہے کہ منڈی صدر مقام پر جموں و کشمیر بینک کی مزید ایک شاخ اور تین اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں تاکہ عوام کو اس کا فائد ہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق منڈی میں جموں و کشمیر بینک کی واحد شاخ میں 90ہزار سے زائد صارفین کے اکاو نٹ ہیں جس کی وجہ سے اس بینک میں ہمیشہ لوگوں کی قطاریں لگی رہتی ہیں اور تحصیل کے دور دراز علاقوں سے بینک میں اپنے کام کاج کے لئے آئے ہوئے متعدد صارفین کو خالی ہاتھ ہی لوٹنا پڑتا ہے بتا دیں کے بینک شاخ میں منیجرسمیت چھ ہی ملازمین کام کرتے ہیں جن کیلئے اتنے صارفین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر ڈیل کرنا کافی مشکل کا سبب بنا ہوا ہے جس کی وجہ سے عام صارفین مشکلات میں ہیں ادھر عوام نے بینک حکام سے منڈی قصبہ میں مزید تین اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جائیں ۔محمد فرید نامی ایک صارف نے بینک میں بھیڑ اور اے ٹی ایم مشینیں کے حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ جموں کشمیر بینک برانچ منڈی میں دن بھر صارفین کا تانتا لگا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے صارفین کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کو بینک سے اپنا پیشہ حاصل کرنے کے لئے سخت ترین بھیڑ کی وجہ سے روزانہ کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔انہوں نے کہا ان میں کچھ بیمار اور خواتین کو قطاروں میں رہ کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے جو کہ ان کے لئے کافی مشکل کا سبب بنا ہوا ہے۔ فرید کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے منڈی کی عوام نے متعدد بار جموں کشمیر بینک کے ڈی جی ایم ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کے نوٹس میں لایا کہ منڈی میں بینک کی مزید ایک شاخ کھولی جائے تاکہ صارفین راحت کی سانس لے سکیں ۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی تحصیل میں جموں و کشمیر بینک کے محض دو اے ٹی ایم مشینیں کام کر رہی ہیں جو کہ 90 ہزار سے زائد صارفین کے لئے نہ ہونے کے برابر ہیں۔ منڈی کی عوام نے جموں و کشمیر بینک انتظامیہ اورلیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ منڈی قصبہ میں بینک کی مزید ایک شاخ اور تین اے ٹی ایم مشینیں کھولی جائیں تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔