سری نگر//گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی نے قومی اور بین الاقوامی سطح کے گالف کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملکوں میں کشمیر کے سفیر کے طور پر کام کر کے اسے ایک پُر امن اور منفرد سیاحتی مقام کے طور پر اُجاگر کرنے میں اپنا رول ادا کریں۔خورشید گنائی رائیل سپرنگس گالف کورس میں ساتویں جے اینڈکے گالف ایسو سی ایشن ٹورنامنٹ کے جیتنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔اُنہوںنے کہا کہ اس طرح کے مقابلے منعقد کرانے سے یہ بات واضع ہوجاتی ہے کہ کشمیر ایک منفرد اور محفوظ سیاحتی مقام ہے۔کشمیر کی سیر لوگوں کو کرنی چاہئیں اور خاص طور سے سیاحوں اور گالفروں کو یہاں کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوجاناچاہئیں۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ اس طرح کے ٹورنامنٹوں سے کشمیر کی سیر پر آنے والے سیاحوں کی توجہ مرکوز کرنے میں بھی مدد ملے گی ۔ خورشید گنائی نے پچھلے چند مہینوں کے دوران سیاحوں کی تعداد میں کمی کا تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ منفی تاثرات کو دُور کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور کشمیر کی اصل تصویر لوگوں کے سامنے رکھنے میں گالفر ایک اہم رول اداکرسکتے ہیں۔خورشید گنائی نے کہا کہ محکمہ سیاحت عنقریب ہی ایس کے آئی سی سی میں ایک فیم کارینول کا انعقاد کرے گاجہاں بیرون ریاست کے مہمانوں کو مختلف مقامات کی سیر کرائی جائے گی تاکہ کشمیر کی صحیح تصویر ان کے سامنے رکھی جاسکے۔مشیر نے کشمیر کا اِنتخاب کرنے کے لئے گالفروں بالخصوص شو کپور کو مبارکباد دی اور ان کا شکریہ ادا کیا ۔ جنہوں نے 80ممالک میں گالف کھیل کر کئی پیشہ ور ٹورنامنٹ جیت لئے ہیں ۔انہوںنے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹوں میں زیادہ تعداد میں گالفر شرکت کریں گے ۔ اس موقعہ پر دلی سے تعلق رکھنے والے گالفروں نے یقین دلایا کہ وہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے گالفروں اور محکمہ سیاحت کے اہلکاروں کے لئے ٹورنامنٹ کا انعقاد کریں گے تاکہ وہ باقی گالفروں کے ساتھ استفسار کرسکیں جس کی بدولت ریاست میں سیاحتی سرگرمیوں کو دوام حاصل ہوگا۔ اس سے پہلے خورشید گنائی نے جیتنے والوں میں ایوارڈ تقسیم کئے ۔ٹیم چنار جس کے کپتان مشتاق احمد برزہ ہے نے ساتواں ٹورنامنٹ جیت لیا۔ اس موقعہ پر دیگر لوگوں میں بھی انعامات تقسیم کئے گئے۔ٹورنامنٹ کا پہلا حصہ پہلگام گالف کورس میں سنیچرکو منعقد ہوا تھا جس کا افتتاح ممبر پارلیمنٹ اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کیا تھا جس میں 80گالفروں نے شرکت کی تھی جن میں بین لاقوامی شہرت یافتہ گالفرشو کپور بھی شامل ہیں۔جے اینڈ کے بینک چیئرمین پرویز احمد ، جے اینڈ کے بینک سابق چیئرمین ایم وائی خان ، جسٹس مظفر جان، ایم ڈی اور سی ای او جے اینڈ کے گالف ڈیولپمنٹ اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی غالب محی الدین شاہ اور صدر جے اینڈکے گالف ایسوسی ایشن مشتاق برزہ بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد مشترکہ طور محکمہ سیاحت کشمیر اور جے اینڈ کے گالف ایسو سی ایشن نے کیا تھا۔