نیوز ڈیسک
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں اور کشمیر دونوںصوبوںمیں محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) کے ذریعہ چلائے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’زیادہ تر سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبے دور دراز کے علاقوں میں شہریوں کے لیے خوشحالی اور فلاح و بہبود کی سڑک بنائیں گے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر نے سیاحت کی صلاحیت کو بڑھانے اور اہم تجارتی مراکز کو جوڑنے کے لیے جموں و کشمیر انتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”انفراسٹرکچر پر ہماری پالیسی کا مقصد معیاری اثاثے بنانا، سہولیات کو صارف دوست بنانا اور دیہی علاقوں کو زیادہ سے زیادہ مرکزی دھارے کی معیشت میں شامل کرنا ہے۔
دیہی رابطوں کو جدید اور مضبوط بنانے کے لیے وضع کردہ روڈ میپ کو تیز رفتاری سے نافذ کیا جا رہا ہے‘‘ ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر کی سماجی و اقتصادی ترقی میں نئی رفتار لانے کی کوششوں کا بھی اشتراک کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام سرکاری اسکیموں کے فائدے قطار میں کھڑے آخری شخص تک پہنچیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم تمام شہریوں کے خوابوں اور امنگوں کو پورا کرنے اور جموں کشمیر کو شان و شوکت کی نئی بلندیوں پر لے جانے کے لیے صحیح نیت اور شہری مرکوز پالیسیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ چند برسوںمیں، دیہی اور شہری علاقوں میں اسکیموں کے نفاذ میں غیر معمولی پیش رفت ہوئی ہے اور اس کا سہرا افسران، جموں و کشمیر کے عوام اور پنچایتی راج اداروں اور یو ایل بی کے تمام منتخب عوامی نمائندوں کو جاتا ہے ۔
جن 186.14 کروڑ روپے کے 75 ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا گیا ان میں ریاسی، ادھم پور، ڈوڈہ، سانبہ، کٹھوعہ، کولگام اور بارہمولہ میں سڑکوں کے رابطے کے منصوبے شامل ہیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا، چیف سکریٹری؛ ایس شیلندر کمار، پرنسپل سکریٹری، پبلک ورکس (آر اینڈ بی)؛ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔