ایم ایم پرویز
رام بن//فور لین پروجیکٹ کے ادھم پور۔رام بن سیکشن پر رام بن کے مضافات میں مہاڑ۔کیفٹیریا موڑ دو لین سرنگ پر کام چوبیس گھنٹے جاری ہے اور سرنگ پر 350 میٹر کھدائی کا کام اب تک مکمل ہو چکا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سری نگر جموں قومی شاہراہ پر مہاڑکیفٹیریا کا حصہ میں بار بار لینڈ سلائیڈنگ اور پتھروں کے گرنے کا خطرہ رہتاہے جس کی وجہ نازک ارضیات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروجیکٹ کو دوبارہ ترتیب دیا گیا اور 740 میٹر دو لین والی سرنگ پر کام شروع کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی الائنمنٹ پر دو لین کٹ اور کور ٹنل پر کام بھی جاری ہے۔این ایچ اے آئی کی طرف سے سرنگ کے کام میں مصروف ٹھیکیدار کمپنی ڈی ایم آر کے منیجروںنے بتایا کہ مہاڑ کی طرف سے 350 میٹر کھدائی کا کام مکمل ہو چکا ہے اور کام جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سی شکل والی 740 میٹر دو گلیاروں والی سرنگ پر کام بیک وقت دونوں سروں یعنی کیفٹیریا موڑ رام بن سائیڈ اور مہاڑ سائیڈ سے سال 2021 میںسے شروع کیا گیا تھا لیکن خراب موسم اور بار بار مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے ٹنل کی پیش رفت میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیفٹیریا موڑ رام بن کی طرف سے سرنگ کی کھدائی کا کام چند ماہ قبل مکمل طور پر روک دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل ایک بہت بڑا لینڈ سلائیڈکی وجہ سے کیفٹیریا کی طرف سے ٹنل کو بہت نقصان پہنچا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ کیفٹیریا کی جانب سے لگ بھگ 60 میٹر سرنگ کو نقصان پہنچا اور سرنگ کا کام مکمل طور پر روک دیا گیا تاہم مہاڑ کی جانب سے سرنگ کی کھدائی کا کام جاری ہے۔سرنگ تعمیر کرنے والی کمپنی کے انجینئروں نے بتایا کہ مہاڑ کے سرے سے سرنگ کی کھدائی کا کام چوبیس گھنٹے جاری ہے اور چار گلیاروں والے ادھم پور۔رام بن سیکشن پر 780 میٹر سی ٹائپ دو لین مہاڑ۔کیفٹیریا موڑ سرنگ کی 350 میٹر کھدائی کا کام مکمل ہو گیا۔انجینئروں نے کہا کہ یہ سرنگ وادی کشمیر کو باقی ملک کے ساتھ ہر موسم میں محفوظ سڑک رابطہ فراہم کرے گی۔اس سرنگ کا کام 2021 میں ناشری اور بانہال کے درمیان فور لین پروجیکٹ کے ادھم پور۔رام بن سیکشن پر رام بن کے قریب لینڈ سلائیڈنگ اور شوٹنگ کے شکار سٹریچ کو بائی پاس کرنے کیلئے مہاڑ۔کیفٹیریا سمیت حساس حصوں کو بائی پاس کرنے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔ ڈگڈول ۔ ماروگ ٹنل کوچھوڑ دیگر تمام غیر محفوظ مقامات پر ٹنل کا کام جاری ہے جبکہ اسی مہاڑ۔کیفٹیریاسٹریچ پر ایک اور دو لین کٹ اینڈ کورٹنل کا کام بھی جاری ہے لیکن سست رفتاری سے۔مہاڑ۔کیفٹیریا سرنگ بہت اہم ہے کیونکہ گزشتہ برسوں میں مٹی کے تودے گرنے اور پتھراؤ کی وجہ سے اس حصہ میں کئی سڑک حادثات رپورٹ ہوئے ۔سنگل لین سڑکوں کی وجہ سے ٹریفک جام اور مہاڑکیفٹیریاسٹریچ پر بھاری بھرکم گاڑیوں کی خرابی مسافروں اور گاڑی چلانے والوں کے لئے پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔
۔740میٹر لمبائی والی دو لین مہاڑ۔ کیفٹیریاموڑٹنل پر کام جاری