غلام محمد
سوپور// پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) مکینیکل ڈویژن کے یومیہ اجرتوں پر کام کرنے والے ملازمین نے جمعرات کو سوپور میں اپنے دفتر کے احاطے میں پرامن احتجاج کیا، جس میں خدمات کو باقاعدہ بنانے، کم از کم اجرت ایکٹ کے نفاذ، اور جموں و کشمیر میں زیر التواء تنخواہوں کے اجراء کے اپنے دیرینہ مطالبات کو دہرایا گیا۔احتجاجی کارکنوں کا کہنا تھا کہ بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود حکومت ان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے گہری ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پی ایچ ای مکینیکل ڈویڑن نارتھ سوپور کے ایگزیکٹیو انجینئر نے چھ ملازمین کو برطرف کر دیا ہے، جسے انہوں نے غیر منصفانہ اور ناقابل قبول قرار دیا۔ احتجاجیوںنے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر حکومت یومیہ اجرت کو ریگولرائز کرنے سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ کو فوری طور پر پیش کرے۔ پی ایچ ای جوائنٹ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سجاد احمد پرے نے کہا کہ اگر پی ایچ ای مکینیکل ڈویژن نارتھ سوپور کا 25 نومبر 2025 تک چھ ملازمین کی برطرفی کے حکم کو منسوخ کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ایسوسی ایشن پورے خطے میں ٹول ڈاؤن ہڑتال شروع کرنے پر مجبور ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوامی خدمات میں کسی قسم کی رکاوٹ کی ذمہ داری صرف اور صرف متعلقہ ایگزیکٹو انجینئر پر عائد ہوگی۔