سوپور میں تعلیمی ادارے بند ، انٹرنیٹ خدمات معطل
سوپور//تجر شریف سوپور میںجھڑپ کے دوران 2جنگجو جاں بحق ہوگئے۔اس طرح شمالی کشمیر میں 6روز کے دوران 12عسکریت پسند مختلف معرکہ آرائیوں کے دوران مارے گئے۔سوپور میں انتظامیہ نے موبائل انٹر نیٹ سروس معطل کی تھی جبکہ تمام تعلیمی ادارے بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جھڑپ کیسے ہوئی؟
قصبہ سوپور کے نائوپورہ تجر شریف علاقے میںسوموار کی رات فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے فوراً بعد 22آر آر،سی آر پی ایف اور ایس او جی نے علاقے کا محاصرہ کیا اور ناکہ بندی کردی۔رات کے دوران روشنیوں کا انتظام کیا گیا تاہم تلاشی کارروائی روک دی گئی جس کے بعد منگل کی صبح دوبارہ آپریشن کا آغاز کیا گیا۔اس موقعہ پر طرفین کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی۔علاقہ گولیوں کی گن گرج سے لرز اٹھا جس کے نتیجے میں علاقہ کی آبادی سہم کر رہ گئی۔منگل کی سہ پہر جھڑپ میں دو جنگجو جاں بحق ہوئے۔
احتجاج، سکول بند
اس دوران منگل کی صبح نوجوانوں کی مختلف ٹولیوں نے جمع ہوکر فوج و فورسز کے خلاف جم کر نعرے بازی کرتے ہوئے جائے جھڑپ کی جانب پیش قدمی کرنی چاہی۔احتجاجی مظاہرین نے فورسز کارروائی میں رخنہ ڈالنے کی خاطر فورسز اہلکاروں پر سنگ باری بھی کی، جنہیں منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے گئے۔ادھر جھڑپ کے پیش نظر انتظامیہ نے منگل کی صبح قصبہ سوپور اور مضافات میں تمام تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کے احکامات صادر کئے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ طلبا کی سلامتی کے پیش نظر منگل کو قصبہ میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھے گئے۔ ادھر امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور افواہ بازی پر لگام کسنے کے لیے انتظامیہ نے ضلع بھر میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو بند کردیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ یاد رہے اس سے قبل شمالی کشمیرکے ضلع بانڈی پورہ میں سملرکے جنگلات میں مسلح تصادم آرائی میں 5مقامی جنگجو،ٹنگڈار کرناہ سیکٹر میں 5جنگجو اور اب تجر شریف میں 2جنگجو جاں بحق ہوگئے ہیں۔اس دوران فوج کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا۔