عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// 69 ویں نیشنل اسکول گیمز فٹ بال(انڈر 19بوائز)کے تیسرے دن سرینگر کے مختلف مقامات پر کھیل کا ایک اور دلچسپ مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جس میں کئی قریبی معرکوں نے شائقین اور فٹ بال سے محبت کرنے والوں کو مسحور کردیا۔ٹی آر سیگرائونڈ پر، کیرالہ نے اتراکھنڈ کو 2-0 کی پراعتماد فتح کے ساتھ مات دی، جس میں جلیل اور شیرل گول اسکورر کے طور پر سامنے آئے۔ اسی مقام پر ہونے والے ایک اور میچ میں، سینٹرل بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے کیتھ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت پڈوچیری کو 7-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی سب سے زیادہ غالب جیت درج کی۔ مہاراشٹر نے بھی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اوڈیشہ کو 6-2 سے زیر کیا ۔دریں اثنا، کشمیر یونیورسٹی گرائونڈ میں، منی پور نے تلنگانہ کو 6-0 سے شکست دے کر غیر معمولی فارم کا مظاہرہ کیا۔ آندھرا پردیش نے ڈی اے وی کالج مینجمنٹ کمیٹی کے خلاف کلینکل کارکردگی کے ساتھ اپنی جیت کی دوڑ جاری رکھتے ہوئے گروپ مرحلے میں 4-0 سے ایک اور اہم فتح کو یقینی بنایا، جب کہ ودیا بھارتی کے درمیان معرکہ آرائی میں اتر پردیش کے خلاف مقابلہ ہوا لیکن میچ برابری پر ختم ہوا ۔گرین ویلی گرائونڈ پر، میگھالیہ نے تمل ناڈو کو 9-0 گول سے شاندار جیت حاصل کی، جب کہ انٹرنیشنل بورڈ سکولز سپورٹس آرگنائزیشن نے گجرات کو 2-1 سے ایک قریبی مقابلے میں شکست دی۔رگبی گرائونڈ میں میزبان ٹیم جموں و کشمیر نے پنجاب کو 3-1 سے شکست دی۔ مدھیہ پردیش نے چندی گڑھ کو 1-0 سے شکست دی جبکہ چھتیس گڑھ نے راجستھان کو شکست دے کر ایک اور معرکے میں 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔