سرینگر//جنوبی قصبہ بجبہاڑہ کے آرونی علاقے میں شبانہ چھاپے کے دوران5نوجوانوں کی گرفتاری کے خلاف علاقے میں ہڑتال رہی جبکہ فورسز کے ساتھ مقامی نوجوانوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئیںجس میں سنگبازی اور ٹیر گیس شلنگ کے واقعات رونما ہوئے۔اس دوران نماز جمعہ کے بعد اسلام آباد(اننت ناگ) قصبہ کے کئی علاقوں میں خشت باری ہوئی۔ آرونی میں فورسز نے دوران شب چھاپوں کے دوران 5نوجوانوں کو گرفتار کر کے حراست میں لے لیا جس کے خلاف مقامی لوگوں نے جمعہ کوسڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے۔عینی شاہدین کے مطابق25اور26 مئی کی درمیانی شب کو جب لوگ سحری کیلئے بیدار ہونے کی تیاریوں میں لگے تھے کہ پولیس نے کئی گھروں پر چھاپے مارے اور رفیق احمد نجار، مدثر احمد ملک،ثاقب رشید،صدام ملک اور نثار احمد چاڈورو شامل ہیں، کو گرفتار کیا۔ اس موقعہ پر پولیس اور مقامی لوگوں کے درمیان مزاحمت بھی ہوئی،جبکہ بعد میں لوگوں نے دوران شب ہی احتجاج بھی کیا۔ادھر جمعہ کو بھی آرونی ،حسن پورہ اور نواحی علاقوں میں اس واقعے کے خلاف ہڑتال کی گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق مظاہرین نے اس موقعہ پر گرفتار نوجوانوں کی رہائی کے حق میںسرینگر بانہال ریل سروس کو بھی روکا جس کے وجہ سے سروس میں خلل پڑ ا اورمسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اسی دوران ریل محکمہ نے بانہال سرینگر ریل سروس کو احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے بطور سروس کو معطل کیا جبکہ بارہمولہ سرینگر ریل سروس معمول کے مطابق چلتی رہی ۔پولیس ذرائع نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میںکچھ نوجوانوں کو 15اور23مئی کے روز گرنیڈ حملے اور فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات جس میں ایک سپیشل پولیس افسر(ایس پی او)جاں بحق اور ایک کانسٹیبل زخمی ہونے کے علاوہ گرنیڈ حملے میں دس افراد زخمی ہوئے تھے کے کیس کے سلسلے میںپوچھ تاچھ کے لے گرفتار کیاگیا ہے ۔ادھر مقامی لوگوں نے الزام لگایاکہ گرفتار نوجوان بے قصور ہیں اور نکی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ جمعہ کو علاقے میں پولیس،فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں،جس کے دوران خشت باری اور ٹیر گیس شلنگ کے واقعت رونما ہوئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حسن پورہ میں احتجاج کے دوران ن فورسز اور پولیس نے ہوا مین گولیوں کے کئی رائونڈ بھی چلائے،جبکہ نوجوانوں نے قہر انگیز سنگبازی کی،جس کے بیچ صف درجن نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔ادھر نماز جمعہ کے بعد قصبہ اسلام آباد(اننت ناگ) میں نوجوانوں نے جلوس برآمد کین،اور نعرہ بازی کی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لالچوک،اچھہ بل اڈہ اور لازی بل میں نوجوانوں اور فورسز کے درمیان جھڑپیں ہوئی،جس کے دوران فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اشک آوار گولے داغے،جبکہ نوجوانوں بھی خشت باری کی۔طرفین مین وقفہ وقفہ سے کافی دیر تک جھڑپیں جاری رہیں۔