گپکار الائنس کولگام نشست پر کامیاب، جموں اور کھٹوعہ نشستوں پر بھاجپا کی جیت
سرینگر// جموں کشمیر میں 5ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمینوں اور ڈپٹی چیئر مینوں کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنی پارٹی اور بی جے پی نے2دو نشستوں پر قبضہ کیا،جبکہ ایک نشست کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا(ایم) کو ملی۔ سنیچر کو وادی کے3اضلاع سرینگر،شوپیاں اور کولگام میں پہلے مرحلے پر ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمینوں کا انتخاب عمل میں لایا گیا،جس کے دوران سرینگر اور شوپیاں کی نشستوں پر سید الطاف بخاری کی سربراہی والی اپنی پارٹی نے قبضہ جماکر گپکار اتحاد کے امیدواروں کو شکست دی،جبکہ کولگام میں سی پی آئی ایم نے جیت درج کی۔ضلع ترقیاتی کونسل سری نگرکیلئے اپنی پارٹی کے اُمیدوارملک آفتاب کوچیئرمین منتخب کیاگیا۔انہوں نے الیکشن کے وقت موجود13میں سے 10کونسلروں کے ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کے مدمقابل نیشنل کانفرنس اُمیدوارکوثرگنائی کوصرف3ووٹ ملے ۔اپنی پارٹی سے ہی تعلق رکھنے والے اُمیدواربلا ل احمد کوڈپٹی چیئرپرسن منتخب کیاگیا۔ انہوں نے 9ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کے مدمقابل اُمیدوارپی ڈی پی سے وابستہ منظوراحمدبٹ نے صرف4ووٹ حاصل کئے ۔ضلع ترقیاتی کونسل شوپیان پربھی اپنی پارٹی نے جیت درج کی۔ڈی ڈی سی کونسل چیئرپرسن کے انتخاب میں اپنی پارٹی کی خاتون اُمیدواربلقیس اختر نے 8ووٹ حاصل کئے جبکہ اُن کی مدمقابل گپکار الائنس کی اُمیدوارنے 6 ووٹ حاصل کئے۔شوپیان ڈی ڈی سی کیلئے ڈپٹی چیئرپرسن کاانتخاب ’ڈرا‘کے ذریعے عمل میں لایاگیا،اورا سمیں اپنی پارٹی کے اُمیدوارعرفان منہاس کوکامیاب قراردیاگیا۔نامہ نگار عارف بلوچ کے مطابق ضلع ترقیاتی کونسل چیئر پرسن انتخابات کے تحت کولگام میں سی پی آئی ایم سے وابستہ اُمیدوار کو اتفاق رائے سے ضلع کا پہلا ڈی ڈی سی چیئر مین منتخب کیا گیا۔انہیں13ممبران نے حمایت دی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کولگام شوکت اعجازبٹ کی نگرانی میں ڈی ڈی سی چیئر مین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔انتخاب میں سی پی آئی ایم امیدوار محمد افضل کو اتفاق رائے سے چیئر پرسن منتخب کیا گیا جبکہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ شازیہ پوسوال کو نائب چیئر پرسن منتخب کیا گیا۔اس دوران بی جے پی نے جموں اور کٹھوعہ میں ضلعی ترقیاتی کونسلوںکاکنٹرول حاصل کیا ۔پارٹی کے اُمیدواروں کودونوںاضلاع میں بلامقابلہ چیئرپرسن اور نائب چیئرپرسن منتخب کیاگیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جموں ستیش کمار شرما کے مطابق دانسل سے نیشنل کانفرنس کی ضلع ترقیاتی کونسل رکن شمیمہ بیگم جموں ضلع انتخاب کے دوران غیر حاضر رہیں۔ شرما نے کہا’’14 ضلع ترقیاتی کونسل ممبران میں سے13 حاضر رہیں،تاہم نیشنل کانفرنس کی خاتون امیدوار غیر حاضر رہیں‘‘۔ انہوں نے کہا آزاد امیدوار سوچت گڑھ ترنجیت سنگھ نے چیئرپرسن کیلئے بھارت بھوشن بودی اور نائب چیئرپرسن کیلئے سورج سنگھ کے ناموں کو نامزد کیا اور’’ دونوں امیدوار ضلع ترقیاتی کونسل انتخابات کیلئے اتفاق رائے سے منتخب ہوئے‘‘۔ ترنجیت سنگھ نے سابق بھاجپا وزیر شیام چودھری کو ڈی ڈی سی انتخابات میں شکست دی تھی۔ادھرضلع کٹھوعہ میں بی جے پی نے چیئرمین کے عہدے کیلئے بسوہلی سے ڈی ڈی سی ممبر کرنل(ر) مان سنگھ او راگنن سنگھ عرف ببلو کو نائب چیئرمین کے لئے منظوری دی تھی،،اوران دونوں اُمیدواروں کوبلامقابلہ کامیاب قرار دیاگیا ۔