سری نگر//ناظم خوراک ، سول سپلائز اور امور صارفین کشمیر بشیر احمد خان نے کہا کہ کووِڈ۔19کی وَبا کے پھیلائو کے بعد لاک ڈاون کے دوران محکمہ نے صوبہ کشمیر کے 14لاکھ مستحقین میں 56133 میٹرک ٹن چاول اور 2700 میٹرک ٹن گندم کی ہوم ڈیلیوری مکمل کی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ کے مختلف اَفسران کے ساتھ وضع کردہ ایک مناسب روڈ میپ کے تحت کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع میں اپریل او رمئی مہینوں کے لئے گندم اور چاول تقسیم کاری کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ مختلف گھرانوں میں 70769میٹرک ٹن چاول تقسیم کئے گئے ہیں اور یہ پوری کارروائی چند دِنوں کے اندر مکمل کی جائے گی۔گندم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ فراہم کئے گئے 2700میٹرک ٹن سٹاک میں سے ہوم ڈیلیوری کے لئے صد فیصد نشانہ حاصل کیا گیا ہے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا (پی ایم جی کے وائی) کے تحت محکمہ تمام آئی اے وائی اور پی ایچ ایچ مستحقین کو اپریل ، مئی اور جون کے مہینوں کے لئے ان کی دہلیز پر 5 کلوگرام مفت راشن فراہم کرے گا۔اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کے پاس راشن کا بفر سٹاک موجود ہے جس میں چاول کی 61,592 میٹرک ٹن اور 2,222 میٹرک گندم شامل ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اگر صورت حال طول پکڑ ے گی تو محکمہ کے پاس اگلے دوماہ کے لئے صارفین کو فراہم کی جانے والی سٹاک موجود ہے۔ اسی طرح پٹرولیم مصنوعات بشمول رسوئی گیس اور تیل کے مصنوعات وافر مقدار میں موجود ہیں۔رسوئی گیس کی ہوم ڈیلوری کا سلسلہ بھی باقاعدہ طور پر جاری ہے۔موجودہ وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انہوں نے کہا کہ عوام اور ملازمین کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ نے کووِڈ۔19کو پھیلنے کے روکتھام کے لئے کچھ احتیاطی تدابیر اُٹھائے ہیں اور زمینی عملہ من و عن اس پر عمل پیرا ہے۔ اُنہوں نے لوگوں سے راشن دکانوں پر جمع ہونے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے ۔زائد قیمتوں اور کھانے کی ملاوٹ کو روکنے کے لئے انہوں نے کہا کہ نرخوں کی فہرست اور خوراک کی معیار کی جانچ پڑتال کے لئے ہر ضلع میں مارکیٹ سکارڈ متحرک اور اپنا کام خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے۔اسی طرح سری نگر میں بھی بالترتیب شمالی اور جنوبی زون میں دو سکارڈ متحرک ہیں۔ڈائریکٹر نے فرنٹ لائن ورکروں کی طرف سے کئے گئے کووِڈ۔ 19 میں کام کی تعریف کی۔