فتح آباد / کروکشیتر// مسٹر نریندر مودی نے آج کہا کہ ملک میں لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے بعد یہ صاف ہو گیا ہے کہ مرکز میں ایک بار پھر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے )کی حکومت بننے جا رہی ہے اور کانگریس اور 'مھاملاوٹ اتحاد' کے چہروں پر چھائی مایوسی سے مرکز میں 'کھچڑی اور مجبور حکومت' بنانے کے ان کے منصوبوں پر پانی پھر گیا ہے ۔ مسٹر مودی نے حصار، سرسا، کروکشیتر، کرنال اور انبالہ پارلیمانی سیٹوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدواروں کے حق میں یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ہونے والے پانچوں مرحلے کی پولنگ سے یہ صاف ہو گیا ہے کہ عوام کے آشیرواد سے مرکز میں ایک بار پھر بی جے پی کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) کی حکومت بننے جارہی ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے بعد کانگریس سمیت حزب اختلاف کے مھاملاوٹ اتحاد میں چھائی مایوسی یہ بتا رہی ہے کہ مرکز میں کھچڑی اور مجبور حکومت بنانے کے اس کے منصوبوں پر پانی پھر گیا ہے اور وہ اب مقابلے میں نہیں ہیں۔ مسٹر مودی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دور حکومت میں ہندوستان کا دنیا میں قد بڑھا ہے ۔ دنیا میں اس کی ایک نئی شناخت قائم ہوئی ہے ۔ ملک میں گاؤں کی سڑک، ہائی وے ، سیٹلائٹ، حفظان صحت اور ٹوائلٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، موبائیل، صحت ، تعلیم، دفاع اور فوج سمیت معاشرے کے ہر طبقے کے لیے کام کیا ہے ۔ انہوں نے ہریانہ کے عوام سے اپیل کی کہ اس بار 12 مئی کو بی جے پی کے لیے ان کا ووٹ ملک کے شاندار مستقبل کا راستہ ہموار کرے گا۔ ہریانہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کانگریس پر الزام لگایا کہ اس نے یہاں بھی بدعنوانی کی کاشت کی۔ اس نے یہاں کسانوں کی زمینیں ہتھیانے کا کھیل کھیلا، لیکن وہ عوام کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ چوکیدار ایسے ٹھگوں کو جیل پہنچانے کا کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب فوج کے ساتھ دشمن بربریت کرتے تھے اور اس وقت کی کانگریس حکومت اس پر صرف بیان بازی کرتی تھی۔ آج حالات بدل چکے ہیں ۔ ہمارے جوان اگر شہید ہوتے ہیں تو اب ہمارے بہادر جوان دشمن ملک کے اندر گھس کر دہشت گردوں سے بدلہ لیتے ہیں۔ملک نے پاکستان پر دو بار سرجیکل اسٹرائک کیا ۔ پہلی بار زمین سے اور دوسری بار آسمان سے اور دشمن ملک کو بتا دیا کہ ہندوستان اب پہلے جیسا نہیں رہا۔