عظمیٰ نیوز سروس
پٹنہ //بہار اسمبلی انتخاب میں ’مہاگٹھ بندھن‘ کی پارٹیوں نے مشترکہ طور پر تیجسوی یادو کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار دے دیا ہے۔ اس فیصلے نے انڈیا اتحاد کو مضبوطی عطا کی ہے اور سبھی پارٹیوں کے کارکنان میں ایک نیا جوش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا چہرہ بننے کے بعد تیجسوی یادو نے میڈیا کے سامنے عوام سے اپیل کی کہ مہاگٹھ بندھن کو کامیاب بنائیں تاکہ ایک بہتر بہار بنانے کی سمت میں قدم بڑھایا جا سکے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں 5 سال نہیں، صرف 20 مہینے دیجیے۔ ہم 20 مہینے میں ہی 20 سال کے برابر کام کریں گے۔‘‘تیجسوی یادو نے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’میں پورے یقین کے ساتھ کہنا چاہتا ہوں کہ 5 سال نہیں، اگر بہار کی عوام ہمیں 20 مہینے دے تو تیجسوی اور ہماری حکومت 20 مہینے میں وہ کام کر دے گی جو ان لوگوں نے 20 سال میں نہیں کیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم نے عز کیا ہے کہ کوئی بھی کنبہ بغیر سرکاری ملازمت کے نہیں رہے گا۔ تیجسوی کی پرچھائی بھی اگر غلط کام کرے گی تو اس کو بھی تیجسوی سزا دلانے کا کام کرے گا۔ یہ عزم ہے۔ ہم ایک نیا بہار بنانے کے لیے کام کریں گے۔‘‘ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’تیجسوی خود بہار کی حکومت نہیں چلائے گا، بلکہ پورا بہار مل کر حکومت چلانے کا کام کرے گا۔ تیجسوی وزیر اعلیٰ بنے گا تو ساتھ میں سبھی بہار کے لوگ وزیر اعلیٰ بنیں گے۔‘‘
تیجسوی یادو نے صاف کیا کہ مہاگٹھ بندھن حکومت سازی یا وزیر اعلیٰ بننے کے لیے نہیں، بلکہ بہار کی ترقی کے لیے مضبوطی کے ساتھ انتخاب لڑ رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کے لوگ صرف حکومت بنانا یا وزیر اعلیٰ بننا نہیں چاہتے، بلکہ بہار بنانا چاہتے ہیں۔ اسی لیے ہم ساتھ ہیں۔‘‘ تیجسوی نے مہاگٹھ بندھن کی پارٹیوں کے ذریعہ وزیر اعلیٰ چہرہ بنائے جانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’میں مہاگٹھ بندھن کی سبھی پارٹیوں کا مجھ پر بھروسہ دکھانے کے لیے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں ان سبھی سے کہنا چاہتا ہوں کہ میں ا?پ کی امیدوں پر کھرا اترنے کی پوری کوشش کروں گا اور ہم سب مل کر 20 سال پرانی اس حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے جو ابھی اقتدار میں ہے۔تیجسوی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں بی جے پی اور جنتا دل یو کے درمیان پیدا تلخیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایک ایسا اشارہ دیا جو حیران کرنے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’این ڈی اے میں نتیش کمار کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ ان کی ایک بھی مشترکہ پریس کانفرنس نہیں ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ چہرے سے متعلق کوئی ا?فیشیل اعلان بھی نہیں ہوا ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم شروع سے ہی کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی والے نتیش کمار کو وزیر اعلیٰ نہیں بنانے والے ہیں۔ بی جے پی نتیش کمار کو دوبارہ وزیر اعلیٰ نہیں بنائے گی، اور اس کی تصدیق امت شاہ نے کر دی ہے۔‘‘ تیجسوی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انتخاب کے بعد بی جے پی والے جنتا دل یو کو بھی ختم کر دیں گے۔ پارٹی کا وجود ہی ختم ہو جائے گا۔