قاضی گنڈ میںسبھی درماندہ میوہ گاڑیوں کو نکالاجائیگا:صوبائی انتظامیہ
محمد تسکین +عظمیٰ نیوز سروس
بانہال+سرینگر//شدید بارشوں کے نتیجے میں تباہ ہوئی جموں سرینگر قومی شاہراہ پچھلے2 روز سے ادہمپور کے تھراڈ علاقے میں جزوی طور پر یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنائی گئی۔ بدھ اور جمعرات کے روز یکطرفہ ٹریفک میں صرف کشمیر سے مال بردار گاڑیوں کو چھوڑا گیا۔بدھ کے روز سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر قاضی گنڈ ٹول پلازہ سے سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرکوں کو جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی اور جمعرات دوسرے روز بھی یہ سلسلہ جاری رہا ۔ٹریفک پولیس حکام کے مطابق بدھ سے جمعرات شام تک وادی کشمیر سے 4000 سے زائد مال گاڑیوں کو نویگہ ٹنل سے جموں کی طرف جانے کی اجازت دی گئی اور یہ سلسلہ جاری تھا۔ ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جموںسرینگر قومی شاہراہ مکمل طور بحال نہیں ہو سکی ہے اور تھراڈ ادہمپور سمیت کئی مقامات پر سڑک کی خستہ حالی کے باعث ٹریفک کو بڑے منظم طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی صبح سات بجے سے دن کے دس بجے تک نگروٹہ جموں سے سرینگر جانے والی مسافر گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی جبکہ جمعرات کی دوپہر بعد سے مسلسل دوسرے روز بھی کشمیر میں درماندہ سیب سے لدھی مال بردار گاڑیوں کو قاضی گنڈ سے جموں کی طرف چھوڑا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران جمعرات کے روز کسی بھی مسافر گاڑی کو وادی سے جموں جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ ٹریفک پولیس حکام نے کہا کہ تھراڈ ادہمپور میں قریب تین سو میٹر کے متاثرہ حصے میں اگرچہ گاڑیوں کا پھنسنا اور سست رفتار ی کے ساتھ آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم پچھلے دنوں کے مقابلے خشک موسم سے تھراڈ میں سڑک کی حالت قدرے بہتر ہو رہی ہے اور اس کی بہتری ، موسمی صورتحال پر منحصر ہے ۔ ٹریفک حکام نے مزید کہا کہ تھراڈ کے مقام پر وقفہ دیکر سڑک کو بہتر بنانے کی کوشش کے تحت نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی مشینری اور افرادی قوت مرمت کا کام بھی انجام دے رہی ہے اور ٹریفک پولیس گاڑیوں کو ایک ایک کرکے نکال رہی ہے ۔
صوبائی انتظامیہ
صوبائی انتظامیہ نے کہا ہے کہ 2دنوں کے دوران4873 پھلوں سے لدے ٹرک پار کئے گئے۔صوبائی کمشنر کا کہنا ہے کہ جمعرات کی نصف شب تک مزید 500ٹرکوں کو قاضی گنڈ سے چھوڑا جائیگا۔ڈویژنل انتظامیہ نے کہا کہ آئی جی ٹریفک کی زیر نگرانی آپریشن میں نیشنل ہائی وے کے راستے 2,239 ٹرک اور مغل روڈ کے راستے 2,634 ٹرکوں کو نکالا گیا۔مزید برآں، ٹریفک پولیس کی طرف سے قاضی گنڈ سے 500 ٹرکوں کا آخری لاٹ رات کے بعد روانہ کیا جانا ہے، اس طرح پھنسے ہوئے گاڑیوں کا پورا بیک لاگ صاف ہو جائے گا اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی کو ہموار کیا جائے گا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ چیف سکریٹری صورتحال کی قریب سے نگرانی کر رہے ہیں، تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ روزانہ جائزہ لے رہے ہیں تاکہ شاہراہ کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جا سکے، ٹریفک کی روانی کو ہموار کیا جا سکے اور پھلوں کے کاشتکاروں اور تاجروں کے خدشات کو دور کیا جا سکے۔اس کے علاوہ، انتظامیہ نے ضروری اشیاء مثلاً ایل پی جی، پیٹرول، ڈیزل، تازہ پھل اور سبزیاں اور جان بچانے والی ادویات لے جانے والے وادی جانے والے ٹرکوں کی سہولت کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے ہیں تاکہ اسٹاک کو بھرنے اور مقامی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔