جموں//گورنر ستیہ پال ملک جو امرناتھ شرائین بورڈ چیئرمین بھی ہیں، نے راج بھون میں 36 بورڈ میٹنگ کی صدارت کی۔یاترا 2019ء کی مقررہ تاریخ اور ایام سے متعلق سری سری روی شنکر کمیٹی جو اس مقصد کے لئے تشکیل دی گئی ہے نے46روزہ یاترا یکم جولائی 2019ء سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ نے یاتریوں کی تعداد ، ان کی رجسٹریشن و دیگر معاملات پر غور و خوض کیا ۔بورڈ نے فیصلہ کیا کہ روزانہ دو راستوں کے ذریعے لگ بھگ 7500 یاتری گپھا کی طرف روانہ کئے جائیں گے۔ان میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے جانے والے یاتری شامل نہیں ہوں گے۔بورڈ نے مزید فیصلہ لیا کہ پنجاب نیشنل بینک ، جموں اینڈ کشمیر بینک ، یَس بینک جو ملک کی 32 ریاستوں اور یونین ٹریٹریز میں 440 شاخیں قائم ہیں، کے ذریعے رجسٹریشن کی سہولیات فراہم ہو ں گی۔اس سلسلے میں یاتریوں کی قبل از وقت رجسٹریشن کی تاریخ یکم اپریل 2019ء مقرر کی گئی ۔بورڈ نے آن لائن رجسٹریشن کی تجویز کو بھی منظوری دی۔بورڈ نے فیصلہ لیا کہ یاترا 2019ء کے پروگرام کو الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے بڑے پیمانے تشہیری سہولیات دستیاب ہوں۔لنگر تنظیموں کی طرف سے ضروری خدمات کی ستائش کرتے ہوئے بورڈنے اُن کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی۔