جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے سرحدی بلاک منکوٹ میں جموں وکشمیر بینک کی شاخ قائم نہ ہونے کی وجہ سے صارفین 4گھنٹوں تک کا سفر کر کے سخی میدان علاقہ میں قائم کردہ بینک شاخ میں جانے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ متعلقہ حکام اور ضلع انتظامیہ سے رسمی طریقہ سے مانگیں کرنے کیساتھ ساتھ مختلف نوعیت کے انتخابات کے بائیکا ٹ کا اعلان بھی کیا تاہم اُس دوران انتظامیہ کی جانب سے بلاک ہیڈ کوارٹر پر بینک شاخ کیساتھ ساتھ جموں وکشمیر بینک کی اے ٹی ایم مشین نصب کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی لیکن ابھی تک مذکورہ یقین دہانیوں پر کوئی عمل نہیں کیاگیا ۔17پنچایتوں پر سرحدی بلاک کی بیشتر پنچایتیں حدمتارکہ کے قریب آباد ہیں جہاں پر رابطہ سڑکوں جیسی بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں تاہم صارفین مینڈھر اور سخی میدان علاقوں میں قائم کردہ بینک شاخوں میں جانے کیلئے پہلے 4گھنٹوں تک پیدل مسافت بھی طے کرتے ہیں ۔صارفین نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ بینک سے پیسے لینے کیلئے کل 30کلو میٹر تک کی مسافت طے کرنے پر مجبور ہیں جبکہ سخی میدان علاقہ میں واحد بینک شاخ ہونے کی وجہ سے متعدد دیہات کا دبائو ایک ہی بینک شاخ پر ہے جس کی وجہ سے صارفین کو گھنٹوں قطاروں میں بھی اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا ہے ۔بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیئر مین منکوٹ امان اللہ چوہدری نے بتایا کہ انتظامیہ کی غیر سنجیدگی سے تنگ آکر مقامی لوگوں نے کئی مرتبہ الیکشن بائیکا ٹ کا اعلان بھی کیا لیکن حکام کی مداخلت اور یقین دہانیوں کے بعد انہوں نے انتخابات میں شرکت کی لیکن اس کے بعد بھی منکوٹ میں جموں وکشمیر بینک کی کوئی شاخ نہیں کھولی گئی ہے ۔صارفین اور منتخب نمائندوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں تاکہ سرحدی بلاک منکوٹ میں بینک شاخ اور اے ٹی ایم کھولا جاسکے ۔
۔45ہزار سے زائد کی آبادی والے بلاک منکوٹ میں بینک شاخ قائم نہیں | ۔17پنچایتوں کے صارفین 30کلو میٹر کی مسافت طے کر کے سخی میدان جانے پر مجبور