عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی ندھی ملک نے 40ترقی پسند کسانوںکو ایک تربیتی و مطالعاتی دورے پر روانہ کیا۔ یہ دورہ محکمہ باغبانی کی جانب سے اے ٹی ایم اے اور ایم آئی ڈی ایچ اسکیموں کے تحت منظم کیا گیا۔ اس موقع پر چیف ہارٹیکلچر آفیسر، ڈی ایل ایس ایم ایس اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔یہ پانچ روزہ دورہ کسانوں کو جدید باغبانی طریقوں، سائنسی ایجادات اور جدید ٹیکنالوجی سے براہِ راست آگاہی فراہم کرے گا، جو مختلف علاقوں میں کامیابی سے رائج ہیں۔دورے کے دوران کسان چوہدری سروان کمار ہماچل پردیش کرشی وِشووِدیالیہ پالامپور، انسٹیٹیوٹ آف ہمالین بائیو ریسورس ٹیکنالوجی اور بی ریسرچ اسٹیشن ناگروٹا باگوان کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سائنسدانوں اور ماہرین سے عملی تربیت حاصل کریں گے۔ڈی سی ریاسی ندھی ملک نے اس موقع پر کہا کہ ایسے مطالعاتی دورے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور کامیاب ماڈلز سے سیکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید اور سائنسی باغبانی طریقے اپنائے جائیں تاکہ پیداوار میں اضافہ، پائیدار ترقی اور کسانوں کی آمدنی میں بہتری ممکن ہو۔انہوں نے کسانوں کو ہدایت دی کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور نئی تکنیکوں کو اپنے کھیتوں میں عملی طور پر نافذ کریں تاکہ بہتر نتائج اور معاشی استحکام حاصل ہو۔تربیتی پروگرام میں جدید پھل کاشت کاری، کیڑوں اور غذائیت کے مربوط انتظام، محفوظ کاشت، بعد از فصل عملداری اور سائنسی شہد کی مکھی پالنے جیسے موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔اس اقدام کا مقصد پائیدار باغبانی کے فروغ، آمدنی میں تنوع اور قیمتی فصلوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ کسانوں کو جدید سائنسی علم سے بااختیار بنانا ہے۔