نئی دہلی //مشن کشمیرکے تحت ریاست کے اپنے چوتھے دورے سے قبل مرکز کے نامزد مذاکرات کاردنیشور شرما نے کشمیریوں کے خلاف’’فاسق پروپگنڈہ‘‘ پر روک لگانے کیلئے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ٹیلی ویژن نیوزچینلوں کی خصوصی میٹنگ طلب کرنے کی درخواست کی ہے ۔سربراہ دنیشور شرما نے بعض نیوز چینلوں کے ذریعے کشمیر کے بارے میں منفی تاثر دینے سے متعلق رپورٹوں اور مباحثوں کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اوروہ اس سلسلے پر فوری روک لگانے کے حق میں ہیں۔دنیشور شرما نے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے استدعا کی ہے کہ وہ کچھ ٹیلی ویژن نیوز چینلوں کے حکام کی میٹنگ طلب کریں تاکہ ان چینلوں کے ذریعے بقول ان کے کشمیریوں کے خلاف’’فاسق پروپگنڈہ‘‘ چلانے پر روک لگائی جائے۔انہوں نے وزیر داخلہ سے کہا ہے کہ نیوز چینلوں کو کشمیر کے حوالے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جائے۔رپورٹ کے مطابق کم سے کم چار نیوز چینلوں کی طرف سے متواتر طور کشمیر میں پیش آنے والے واقعات کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے جس کے ریاست میں شروع کئے گئے مذاکراتی عمل پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔کبھی کبھار یہ نیوز چینل رئی کا پہاڑ بنادیتے ہیں ، بعض اوقات ایسے بے بنیاد مباحثے نشر کئے جاتے ہیں جن کا زمینی حقائق سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے، اس سے علیحدگی پسند عناصر کو حکومت کے خلاف نفرت کے بیج بونے کا موقعہ فراہم ہوتا ہے ۔