سرینگر// قصبہ سوپور میں سابق رانجی کرکٹ کھلاڑی نثار احمد کھانڈے کی قیادت میں سوپور میں پہلی مرتبہ 35 اوورز پر مشتمل سوپور سْپرلیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اہتمام یکم اپریل سے کیاجارہا ہے ۔ اس ضمن میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں جموں وکشمیر کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین سعید پرویز قیصرنے مہمان خصوصی کے طور پرشرکت کی ۔اس کے علاوہ بارہمولا کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور وادی بھر کے کئی سینئر کھلاڑی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس دوران لیگ میں وادی بھر سے حصہ لینے والے 45 کرکٹ کلب کو قرعہ اندازی کے تحت 9 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ۔سعید پرویز قیصر نے کہاکہ پوری وادی میں ٹی ٹونٹی کرکٹ کا چلن ہے وہیں 35 اوورز کے ٹورنامنٹ کو اہمام کرنا اپنے میں قابل ستائش بات ہے ۔منتظمین کی جانب اشارہ دیتے ہوے ان کا مزید کہنا تھاکہ سوپور سپرلیگ میں بہتر ین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے اجاگر کیا جائے تاکہ وہ کھیل کے میدان میں مزید آگے بڑھ سکیں اور اس طرح کے ٹورنامنٹ انعقاد کرنا کھیل اور کھلاڑیوں کے لئے سود مند ثابت ہوں گے۔ واضح رہے ٹورنامنٹ کے مقابلے سوپور۔بارہمولہ۔بانڈی پورہ۔اور ہندوارہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ اس دوران وادی بھر کے کئی ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی گئی۔