گروبازار سے ڈلگیٹ تک عزاداروں کی نوحہ خوانی 2کے بجائے10گھنٹے تک جاری رہی
امتیاز خان+بلال فرقانی
سرینگر//سرینگر میں زائد از 3 دہائیوں (34برس )کے بعد روایتی راستوں سے جمعرات یعنی 8 محرم کو محرم کا جلوس بر آمد ہوا جو شہید گنج سے نکل کر براستہ مولانا آزاد روڈ ڈلگیٹ میں اختتام پذیر ہوا۔یاد رہے کہ انتظامیہ نے جلوس کو صبح 6 سے 8 بجے تک دو گھنٹوں کی اجازت دی تھی۔تاہم ماتمی جلوس 10گھنٹوں تک جاری رہا۔جلوس عزا ء میں شرکت کرنے کیلئے جمعرات کی صبح سے ہی سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شہید گنج میں جمع ہوئے اور بعد میں ماتمی جلوس گوروبازار کے روایتی راستے سے ڈلگیٹ کی طرف روانہ ہوا۔جلوس میں شامل عزا دار کشمیری اور اردو زبان میں نوحے پڑھ رہے تھے اور کربلا کے مصائب یاد کرکے زار و قطار رو رہے تھے۔
عزا دار ،جن کی اکثریت سیاہ لباس میں ملبوس تھی، ہاتھوں میں پرچم اٹھائے ہوئے تھے، جن پر یاحسینؓ لکھا ہوا تھا۔عزادارمرثیہ و نوحہ خوانی کرتے ہوئے جہانگیر چوک،بڈشاہ چوک، مولانا آزاد روڈ سے ہوتے ہوئے ڈلگیٹ کی طرف روانہ ہوئے جہاں یہ جلوس سہ پہر 4بجے پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ عزا دار وںنے بتایا کہ تین دہائیوں کے بعد جلوس میں شرکت کرنا بڑی سعادت ہے۔انہوں نے کہاکہ کافی انتظار کے بعد یہ جلوس روایتی راستوں سے بر آمد ہوا ایسا لگا جیسے 1990سے پہلے کی صورتحال ہے، یہی وجہ تھی کہ شرکاء میں کافی جوش و جذبہ تھا’۔سیول لائنز کی پوری فضاء حضرت امام حسینؓ اوردیگرشہدائے کربلا ء کے حمدوثناء کی گونج سے معطر ہوئی۔سیاح لباس پہنے ہزاروں عزاداروں نے اس تاریخی دن کی تقریب میں شرکت کی شہدائے کربلاء کے تئیں اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کااظہار کیا۔اس دوران سیول اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے محرم جلوس کیلئے پختہ سیکورٹی اورعزاداروں کیلئے سہولیاتی اقدامات اُٹھائے گئے تھے ۔ یہ مذہبی جلوس مقررہ وقت کے بعد بھی روایتی مذہبی جوش وخروش اور پُرامن انداز میں جاری رہا۔اس دوران پولیس جلوس کے مختلف راستوں پر عزاداروں کو مشروبات پیش کرتے رہے ۔ محرم کے اس تاریخی جلوس میں کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہزاروں کی تعدادمیں عزاداروں نے شرکت کی ۔اس دوران سیول اور پولیس انتظامیہ کی جانب سے محرم جلوس کیلئے پختہ سیکورٹی اورعزاداروں کیلئے سہولیاتی اقدامات اُٹھائے گئے تھے۔عزاداروں نے کہا کہ ہم ایل جی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اتنے طویل وقفے کے بعد جلوس نکالنے کی اجازت دی۔انہوں نے کہا کہ یہ واقعی ہمارے لیے ایک خوشی اور عظیم لمحہ ہے۔