عظمیٰ نیوز سروس
جموں //سیکرٹری ریونیو ڈاکٹر پیوش سنگلا نے جمعرات کو یہاں سول سیکرٹریٹ میں آن لائن سروسز پورٹل جے کے ریونیو پلس اور جن سُگم کے کام کاج کا جائزہ لیا۔محکمہ ریونیو فی الحال ان پورٹلوں کے ذریعے33 شہریوں پر مبنی خدمات آن لائن فراہم کرتا ہے جس میں میوٹیشن کی تصدیق، فرد، قانونی وارث، آمدنی وغیرہ سمیت مختلف اَسناد کا اجراء شامل ہے۔ ڈاکٹرپیوش سنگلا نے آن لائن خدمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی کیونکہ وہ شہریوں کو شفاف اوربغیر پریشانی خدمات کی فراہمی کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خدمات کی مؤثر اور بلاتعطل فراہمی کے لئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ 2011 کے تحت خدمات کی ضمانت دی گئی ہے تاکہ بر وقت سروس ڈیلیوری کو یقینی بنایا جا سکے۔ دورانِ میٹنگ سیکرٹری نے سوامیتو ڈیش بورڈ کی جلد تکمیل پر زور دیا ۔
انہوں نے آن لائن فراہم کی جانے والی تمام خدمات اور سنگل سائن آن فیچر کے ساتھ ڈیجی لاکر کے فوری اِنضمام پر بھی زور دیا اورتیز تر انضمام پر بھی زور دیا جس سے ایک ہی اکاؤنٹ کے ذریعے تمام خدمات تک رسائی ممکن ہوگی۔سیکرٹری کو جانکاری دی گئی کہ دونوں پورٹلوںپر تمام سروسز کو آٹو اپیل سسٹم کے ساتھ منسلک کیاگیا ہے جس سے آن لائن خدمات کو نمٹانے میںجوابدہی بڑھ رہی ہے۔این آئی سی کی ٹیم نے سیکرٹری کو مطلع کیا کہ حال ہی میں شامل کردہ خدمات بشمول133ایچ سر ٹیفکیٹ کے تحت اراضی کی منتقلی، لینڈ ریونیو ایکٹ کے سیکشن133ایچ کے تحت زرعی سر ٹیفکیٹ، جنرل کاسٹ سر ٹیفکیٹ وغیرہ کامیابی کے ساتھ شامل کئے گئے ہیں۔ڈاکٹرپیوش سنگلا نے آفات کے متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی کیلئے آن لائن سروس کی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں بھی دریافت کیا اور مقررہ مدت میں جلد مکمل کرنے اور شروع کرنے پر زور دیا۔میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری ریونیو، سی ای او جے اے کے اِی جی اے، سینئر ڈائریکٹر این آئی سی، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ٹی سمیت دیگر متعلقین نے شرکت کی۔