بانہال+سرینگر //سرینگر جموںشاہراہ مسلسل 6روز تک بند رہنے کے بعد اتوار کو 7ویں روز جزوی طور پر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بحال کر دی گئی۔ شاہراہ کو انوکھی فال کے مقام پر بڑی مشکل سے یکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا ۔اس دوران وادی کے موسم میں بہتری آتے ہی شبانہ درجہ حرارت میں بتدریج گراوٹ آرہی ہے اور گذشتہ رات دراس کرگل میں سردی کا نیا ریکارڈ بن گیا جب یہاں درجہ حرارت منفی 28.7 ڈگری رہا۔محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 30اور 31جنوری کو چلہ کلاں کے آخری روز برفباری کا امکان ہے۔
شاہراہ
اتوار بعد دوپہر 6روز تک شاہراہ بند رہنے کے بعد اسے ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا۔ادہمپور ، ناشری ، چندرکوٹ اور رام بن میں روکے گئے ہزاروں مال بردار ٹرکوں کو تین بجے کے قریب وادی کی طرف چھوڑ دیا گیا۔ٹریفک کا یہ سلسلہ شام سات بجے تک جاری رہا۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن سریش شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر گر آنے والی پسیوں کو صاف کرنے کے بعد صبح جموں سے وادی کی طرف یکطرفہ ٹریفک کو بحال کیا گیا لیکن شاہراہ کے دوبارہ بند ہونے کی وجہ سے کشمیر جانے والی مسافر بردار گاڑیوں کو رام بن ، چندرکوٹ ، ناشری اور ادہمپور کے مقام پر دوبارہ روک دینا پڑا ۔انہوں نے کہا کہ بعد دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب سڑک کو انوکھی فال کے مقام پریکطرفہ ٹریفک کے قابل بنایا گیا اورگذشتہ کئی روز سے درماندہ ٹریفک کووادی کی طرف چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ شاہراہ میں وادی کیلئے ضروری اشیاء سے بھرا سامان قریب 2000ٹرکوں میں تھا، جو درماندہ تھے،اور انہیں پہلے چھوڑا گیا کیونکہ وادی میں جروری اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا ہوگئی تھی۔ٹریفک حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے وہ پیر کی صبح اپنا سفر شروع کرنے سے پہلے شاہراہ کی حالات کے بارے میں ٹریفک حکام سے جانکاری لیں۔
وادی
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 30اور31 جنوری سے وادی کے بالائی اور میدانی علاقوں میں پھر سے تازہ برف باری کا امکان ہے اور اس طرح چلہ کلان جاتے جاتے اپنے تیور بھی دکھا سکتا ہے ۔ اتوار کو کشمیر وادی میں مطلع زیادہ تر صاف ہی رہا،لیکن ٹھنڈی ہوائیں بھی چلتی رہیں۔موسم میں بہتری کے ساتھ ہی وادی بھر میں شبانہ درجہ حرارت میں تنزلی درج کی گئی جبکہ اس میں آنے والے دنوں میں مزید کمی آنا متوقع ہے ۔محکمہ موسمیات کے تر جمان کے مطابق خطہ لداخ کے قصبہ دراس میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی28.7ڈگری سیلشیس درج کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات یہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.1ڈگری سیلشیس تھا اور اس طرح دراس علاقہ اس موسم میں ریاست کا سردترین علاقہ رہا ہے ۔ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4ڈگری ،پہلگام میں شبانہ درجہ حرارت منفی13.0ڈگری اور گلمرگ میں منفی12.0ڈگری درج کیا گیا ۔محکمہ نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی ضلع کپوارہ میں منفی 6.5، قاضی گنڈ میںمنفی 6.6،کوکرناگ میں منفی 6.9 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ ترجمان کے مطابق لہیہ قصبہ میں منفی15.5ڈگری اور کرگل قصبہ میں اتوار کو کم سے کم درجہ حرارت 20.7ڈگری سیلشیس درج کیا گیا ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 30تک وادی میں موسم خشک رہے گا اور اس دوران رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں بھی کمی آئے گی۔