سرینگر //جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے 2 سال میں پہلی مرتبہ کورونا متاثرین کی تعداد 10سے کم درج ہوئی ہے۔پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 31ہزار 662ٹیسٹ کئے گئے جن میںصرف 12افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اس سے قبل 26مارچ 2020کو جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے13افراد متاثر ہوئے تھے، جو سب سے کم ریکارڈ تھی۔ جموں و کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد4لاکھ 53ہزار 460تک پہنچ گئی ہے جبکہ متوفین کی مجموعی تعداد 4750بنی ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں کورونا وائرس سے 12افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں جموں صوبے میں 9جبکہ کشمیر میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ کشمیر صوبے میں 22مارچ 2020کے بعد پہلی مرتبہ کورونا متاثرین کی تعداد 5سے کم ہوگئی ہے۔ کشمیر کے 8اضلاع جن میںبڈگام، پلوامہ، کپوارہ، اننت ناگ، بانڈی پورہ، گاندربل، کولگام اور شوپیان میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے جبکہ دیگر 2اضلاع میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت قرار دی گئی ہیں۔ کشمیر میں مثبت قرار دئے گئے 3افراد میں سرینگر میں 2جبکہ بارہمولہ میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 2ہزار 87ہزار 270ہوگئی ہے۔ اس دوران کشمیر میں مسلسل 20ویں دن بھی کورونا وائرس سے کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 2423بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے کے ادھمپور، راجوری، کٹھوعہ، کشتواڑ، پونچھ، رام بن اور ریاسی میں کسی کی رپوٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے میں مثبت قرار دئے گئے 9افراد میں ضلع جموں میں 2، ڈوڈہ میں 5 اور سانبہ میں 2کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 66ہزار 190تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران جموں صوبے میں ایک مرتبہ پھر سے کورنا وائرس سے ہونے والی اموات کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ جموں صوبے میں متوفین کی تعداد 2327بنی ہوئی ہے۔
۔12سے 14سال کے بچے
۔ 16مارچ سے ٹیکہ کاری شروع ہوگی
سرینگر /پرویز احمد /ملک کیساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی 16مارچ سے 12سے 14سال تک کے بچوں کی ٹیکہ کاری کا عمل شروع کیاجائے گا اور محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہے۔ محکمہ صحت و خاندانی بہبود کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سلیم الرحمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ جموں و کشمیر میں اس مہم کے دوران 5لاکھ 50ہزار بچوں کو کورونا مخالف ویکسین دیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار نے 12سے 14سال کے زمرے میں آنے والے بچوں کیلئے Cobevexنامی ویکسین کو منظوری دی ہے اور ویکسین کی 2لاکھ50ہزار ڈوز پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری کیلئے پہلے سے ہی ایک ہزار سے زائد ویکسیشن بوتھ قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اب 60سال سے زیادہ عمر کے لوگ بھی بوسٹر ڈوز لے سکتے ہیں۔