جموں//ہندوستانی فوج نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ان2در اندازوں کی نعشیں واپس لینے کے لئے رابطہ کیا ہے جو گزشتہ روز حد متارکہ پر سندر بنی کے قریب فوج کے ساتھ ہوئے ایک تصادم میں جا ں بحق ہو گئے تھے، اس تصادم میں جیکلائی سے وابستہ 3فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی فوج کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اپنے مہلوک شہریوں کی نعشیں واپس لے لے جو فوجی وردی میں ملبوس تھے لیکن ان کی شناخت نہیں ہو سکی ، تاہم پاکستانی فوج نے ابھی تک نعشیں واپس لینے پر رضامندی ظاہر نہیں کی ہے ۔دفاعی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ روز سندر بنی سیکٹر میں5سے 6دراندازوں نے کنڑول لائن عبور کر کے فوج کی گشتی پارٹی پر حملہ کیا تھا ۔ان کا مزید کہنا ہے کہ سرحد کے اس طرح لانچنگ پیڈ پر جنگجوئوں کی بھاری تعداد موجود ہے جو برفباری سے قبل سرحد پار کر کے ہندوستانی علاقہ میں گھسنے کے فراق میں ہے ۔