سری نگر// ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد نے 27 فروری کو مقرر کردہ پلس پولیو امیونائزیشن پروگرام 2022 کے ہموار انعقاد کے لیے ضلع میں کیے گئے ایکشن پلان اور انتظامات کو حتمی شکل دی۔ کل یہاں منعقدہ میٹنگ میں ڈی سی کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 5 سال کی عمر کے 198984 بچوں کو 27 فروری کو پولیو مخالف قطرے پلائے جائیں گے۔ ضلع کے پانچ میڈیکل زونز میں 3154 اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ 668 ویکسی نیشن بوتھ قائم کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ لوگوں کی سہولت کے لیے 19 ٹرانزٹ ویکسی نیشن بوتھ بلاک اور زون لیول کے ذریعے قائم کئے جارہے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ جے وی سی بمنہ ،جی بی پنتھ سونہ وار،لل دید اور ایس ایم ایچ یس ہسپتالوں،ڈی سی آفس، ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ سروسز، بٹہ مالو بس اسٹینڈ، گھنٹہ گھر لال چوک میں ٹرانزٹ ویکسینیشن بوتھ قائم کیے جائیں گے جبکہ صورہ، جہانگیر چوک، TRC، مغل دربار کے قریب، JLNM ہسپتال اور PHC خانیارکے علاوہ پارمپورہ بس اسٹینڈ،پانتہ چھوک بس اسٹینڈ، ایچ ایم ٹی کراسنگ، نوگام ریلوے کراسنگ، قمرواری چوک، ہارون اور نشاط کے علاقوں میں انتظام کیا گیا ہے۔ااسی طرح آئی ٹی بی پی پانتہ چھوک، پولیس اسپتال، ٹرانس مسلم یونیورسٹی، کشمیر طبیہ کالج، پولیس ہاؤسنگ کالونی اور کمپوزٹ اسپتال سری نگر میں 6 خصوصی ویکسینیشن بوتھ قائم کیے جائیں گے۔ڈی سی نے سی ایم او کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی مقامات، اینٹوں کے بھٹوں اور خانہ بدوش آبادی کے تحت آنے والے علاقوں میں خصوصی جگہیں قائم کریں۔