نئی دہلی //جموں و کشمیر ریل لنک کے 137 کلومیٹر طویل بانہال بارہمولہ کوریڈور پر 2 اکتوبر کو برقی ٹرین چلنا شروع کر دے گی۔ہندوستانی ریلوے حکام نے بتایا کہ اس منصوبے پر اگست 2019 سے کام جاری ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ الیکٹرک ریل لنک کالازمی معائنہ 26 ستمبر کو پرنسپل چیف الیکٹریکل انجینئر (PCEE) سے ہوگا اور گاندھی جینتی پر اس پروجیکٹ کا افتتاح کیا جائے گا۔”137 کلومیٹر طویل الیکٹرک ٹرین لنک کے بارہمولہ-بڈگام حصے پر ٹرائلز پہلے ہی مکمل ہو چکے ہیں جبکہ بقیہ بڈگام بانہال حصے پر ٹرائل 20 ستمبر کو کیا جائے گا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین لنک پر بجلی کے منصوبے کی لاگت بانہال سے بارہمولہ تک 324 کروڑ روپے کا ہے۔بانہال-بارہمولہ ریل لنک کے برقی ہونے سے فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور اس سے آپریشنل لاگت میں 60 فیصد کمی کی توقع ہے۔