عظمیٰ نیوزسروس
جموں//ہفتہ کو لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ معائنہ میں 2700کلوزائد المعیاد مچھلی اور چکن کو ضبط کرکے بعد میں تلف کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ خاطی دکانداروں کے خلاف تین الگ الگ مقدمات کے اندراج کیاگیا۔27کوئنٹل میعاد ختم ہونے والے منجمد کھانے کی بازیابی کشمیر میں بوسیدہ گوشت سکینڈل کے صارفین کو ہلا کر رکھ دینے کے چند دن بعد ہوئی ہے جہاں حکام نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3500کلوگرام سے زائد ملاوٹ شدہ گوشت کی اقسام کو تلف کیا ہے۔ڈپٹی کنٹرولر لیگل میٹرولوجی ڈیپارٹمنٹ نفاذ، منوج پربھاکر نے کہا’’حکومت کی ہدایات پر، ہم نے تہوار کے موسم کے پیش نظر شہر میں مچھلی اور چکن کی مارکیٹ کا مشترکہ معائنہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا جموںوکشمیرکے باہر سے درآمد کی جانے والی مصنوعات کو معیار کے مطابق ذخیرہ کیا جاتا ہے اور پیکجنگ کی تاریخ، ایکسپائری اور ایم آر پی کا خیال رکھاجاتا ہے یا نہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ معائنہ کے دوران مجموعی طور پر 27کوئنٹل بوسیدہ اور خراب منجمد مچھلی اور چکن ضبط کیا گیا اور اس کے مطابق مختلف رہنما خطوط کی خلاف ورزی پر ڈیلروں کے خلاف قانونی میٹرولوجی ایکٹ کے تحت تین مقدمات درج کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ سیکشن 56کے تحت چالان کے ساتھ ساتھ سیکشن 32کے تحت بہتری کے نوٹس کے ساتھ فروزن فوڈ کو انتہائی غیر صحت مند حالت میں ذخیرہ کرنے اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈ ایکٹ کی دفعات کی خلاف ورزی پر دکانداروں کے خلاف بھی سفارش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ تمام ضبط شدہ مواد کو مناسب ایس او پی کے ساتھ جموں میونسپل کارپوریشن کی ایک ٹیم کے ساتھ شہر کے مضافات میں واقع ڈمپنگ سٹیشن کوٹ بھلوال میں تلف کر دیا گیا۔