سرینگر// فریڈم پارٹی ، دختران ملت،تحریک مزاحمت ، لبریشن فرنٹ (آر)، پیپلز فریڈم لیگ ، ینگ مینز لیگ نے27اکتوبر کو تاریخِ کشمیر کا سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس روزبھارتی حکمرانوں نے طاقت اور فوج کے بل پر ایک ایسے خطے پر قبضہ جمایا جو کسی بھی صورت میں بھارت کا حصہ نہیں رہا ہے ۔ فریڈم پارٹی نے کہا کہ جموںو کشمیر کے عوام نے کبھی بھی بھارتی قبضے پر رضامندی ظاہر نہیں کی اور اس جابرانہ قبضے کے خلاف سینہ سپر ہوکر لاکھوں جانوں کی قربانیاں پیش کی ہیں ۔پارٹی نے یوم سیاہ کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ ریاستی عوام گزشتہ70برسوں سے قربانیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیںاور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے ۔تنظیم نے واضح کیا کہ” ہمیں کسی ملک سے کوئی پُر خاش نہیں البتہ غلامی کی خو اور غلامانہ طرز عمل سے دوری اختیار کرتے ہوئے اورپُر امن طرز عمل کی روش اپناتے ہوئے اُسی طرح منزل کی جانب گامزن ہیں جس طرح دنیا کی دیگر قوموں نے اپنی آزادی حاصل کرتے ہوئے اختیار کیا“ ۔ادھردختران ملت نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل انضمام پاکستان ہےاور 27 اکتوبر کو ہی جموں کشمیر پر بھارت کے قبضہ کا آغاز ہوا۔بیان میں کہاگیاکہ 14 اگست کے دن بر صغیر دو قومی نظریہ کی بنیاد پر تقسیم ہوا اور کشمیر پاکستان کا حصہ بننے جارہا تھا لیکن ایسا ہونے نہیں دیا گیا اور 27 اکتوبر کو بھارتی فوج کشمیر میں داخل ہوگئی ۔ بیان میں کہاگیا کہ کشمیر قضیہ کا واحد حل یہی ہے کہ یہاں کے لوگوں کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔بیان میں عوام پر زور دیا گیاکہ 27 اکتوبر کو تجدید عہد کریں کہ جاری جد وجہد کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔۔ تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی نے کہا کہ حکام کی جانب سے بے انتہا طاقت کے استعمال اور جور و جبر کی پالیسی اختیار کرنے کے باوجود ریاستی عوام نے تحریک آزادی کو آگے بڑھانے کا عزم کر رکھا ہے ۔انھوں نے ریاست پر بھارت کے قبضے کو غیر آئینی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قبضے کے خاتمے کے لئے جو جدوجہد کی جارہی ہے وہ حق و صداقت پر مبنی ہے لیکن بھارت طاقت کے نشے میں یہاں خون خرابے کو جاری رکھے ہوئے ہے اور خواتین کے خلاف بھی انتہائی غیر اخلاقی رویہ رکھتے ہوئے انسانیت کی تزلیل کی جاری ہے۔اس دوران لبریشن فرنٹ ( آر ) سرپرست اعلی بیرسٹر عبدالمجید ترمبو نے 27اکتوبر کو احتجاجی ہڑتال کی مکمل تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس روز ریاستی عوام کی خواہشات کے برعکس بھارتی حکام نے فوج وارد کرکے اپنے جبری قبضے میں لیا ۔انھوں نے واضح کیا کہ ہمیں بھارت یا کسی دوسرے ملک سے کوئی پُر خاش نہیں البتہ غلامی کی زنجیروں میں خود جکڑتے ہوئے دیکھ کر مطمن نہیں اور اس غیر قانونی و غیر اخلاقی قبضے کے خلاف تا صبح آزادی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے کہا کہ یہ وہی سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے جموں وکشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف ایک گہرے ساز باز کے ذریعے ریاست کا بھارت کے ساتھ الحاق کر دیا تھا حالانکہ اس کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہ تھا۔ ترجمان نے کہا کہ اپنے پیدائشی حق کو حاصل کرنے کےلئے کشمیری عوام نے جان و مال کی عظیم قربانیاں دی ہیں اور جب تک اس حق کو حاصل کرنے کرتے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔ ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے کہا کہ کشمیر کے لوگ ہمیشہ آزادی پسند تھے اور انہوں نے کھبی بھی کسی دھونس دباو کو قبول نہیں کیا ۔امتیاز ریشی نے اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر اور مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کی ہے ۔