سرینگر// حریت (جے کے )نے 27اکتوبر پرشہر خاص میںایک پر امن احتجاج کیا۔ادھر پیروان ولایت اورپیپلز فریڈم لیگ نے اس دن کوکشمیر کی تاریخ کیلئے سیاہ یوم قراردیا۔ حریت (جے کے )کے کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاذ آزادی کے ایک دھڑے کے صدر محمد اقبال میر، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، جمشید احمد، عادل احمد ، خورشید احمد اور دیگر کارکنوں نے شرکت کی ۔شبیر احمد ڈار نے خطاب کرتے ہوئے کہا 27اکتوبر کے دن کو تاریخ کے حوالے سے برصغیر کا سیاہ دن ہے اور اس دن کشمیر کی سیاسی آزادی پر شب خون مارا گیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ ہمیشہ آزادی پسند تھے اور انہوں نے کھبی بھی کسی دھونس دباو کو قبول نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے اپنے تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز کیا بد قسمتی سے اس قوم کو ہمیشہ ان لوگوں نے دھوکہ دیا جن پر انہوں نے اعتبار کیا اور اعتماد دیا ۔ادھر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے کہا 27،اکتوبر کے دن کو تاریخ کے حوالے سے بر صغیر کا سیاہ دن ہے اور اس دن کشمیر کی سیاسی آزادی پر شب خون مارا گیا۔ ترجمان نے کہا آج سے سات دہائی قبل بھارت نے جموں کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے خلاف ایک گہری ساز باز کے ذریعے ریاست کا بھارت کے ساتھ الحاق کر دیا تھا حالانکہ اس کا کوئی اخلاقی اور قانونی جواز نہیں تھا۔ پیروان ولایت کا اجلاس جنرل سیکریٹری آغا سید یعصوب کی قیادت میں صدر دفتر پر منعقد ہوا جس میں تنظیم نے کشمیر پر قبضہ کو ایک اور سال گزر جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ۔آغا سید یعصوب نے کہا کہ بھارت کشمیر پر حکمرانی کرکے محض اپنا وقت ضائع کررہا ہے ،کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا اور نہ کھبی ہوگا بلکہ کشمیر کشمیریوں کا ہے ۔