ڈوڈہ +کشتواڑ/اشتیاق ملک+عاصف بٹ/ڈوڈہ ضلع میں دوسرے روز بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈوڈہ خطہ میں6 جھٹکے محسوس کئے گئے جن میں سب سے بڑا جھٹکا منگل کی دوپہر 5.4 شدت کا ہوا تھا جبکہ اس کے بعد بدھ کی درمیانی شب کو ٹھیک2بجکر 20منٹ،2بجکر41منٹ ،صبح7بجکر56منٹ،8بجکر29منٹ اور سہ پہر 4بجے مزید پانچ جھٹکے آئے جن کی شدت بالترتیب 4.3 ،2.8 ،3.5 ،3.3 اور 3.4 تھی ۔پے درپے جھٹکوںسے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا ہے ۔ جھٹکوں کا سلسلہ جاری رہنے و سکولی عمارتوں کو پہنچے نقصانات کو مدنظررکھتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ ڈوڈہ نے بدھ کے روز ایڈیشنل ضلع بھدرواہ ،سب ڈویژن گندوہ و ٹھاٹھری میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا۔ادھر کشتواڑ ضلع انتظامیہ نے بھی بدھ کو آٹھویں جماعت تک سبھی تعلیمی اداروں کو بند رکھاجبکہ تعلیمی زون درابشالہ کے تحت سبھی تعلیمی ادارے بند رکھے گئے ۔