ایجنسیز
لاہور /انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اگلے برس پاکستان کی میزبانی میں ہونیوالی چیمپئنز ٹرافی کیلئے انعامی رقم کا اعلان نہیں کیا تاہم گزشتہ ایڈیشن میں فاتح ٹیم کو جتنی انعامی رقم ملی تھی اس بار اس کی دوگنی رقم ملنے کی توقع ہے۔ 2017ء میں انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے 4.5 ملین ڈالر کی انعامی رقم رکھی گئی تھی۔ جس میں 8 ٹیموں کے ٹورنامنٹ کے فاتح یعنی پاکستان کو 2.2 ملین ڈالر کا چیک دیا گیا تھا۔ٹورنامنٹ کے رنر اپ یعنی بھارت کو 1.1 ملین ڈالر کا چیک تھمایا گیا تھا۔ دیگر دو سیمی فائنلسٹ ہر ایک کو 450,000 ڈالر ملے تھے، ہر گروپ میں تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیموں کو ہر ایک کو 90,000 ڈالر جبکہ ہر گروپ میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو محض 60,000 ڈالر ادا کیے گئے تھے۔2013ء میں ہوئی چیمپئنز ٹرافی (جو بھارت نے جیتی تھی) کے مقابلے 2017ء میں 500,000 ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔اب توقع کی جارہی ہے یہ انعامی رقم 2017 کے مقابلے دوگنی ہوگی کیونکہ براڈکاسٹرز اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو پاک بھارت مقابلے سے بڑی آمدنی متوقع ہے۔