سرینگر//ریاستی عدالت عالیہ نے کشمیر ایڈمنسٹریٹیو سروس(کے اے ایس)2016کے مینز امتحانات کالعدم قرار دیتے ہوئے پبلک سروس کمیشن کو یہ امتحان از سر نو منعقدکرنے اور پہلے مرحلے میں 429 کامیاب قرار دئے گئے امیدواروںامتحان میںشامل ہونے کی اجازت دینے کی ہدایت دی ہے۔عدالتی احکامات جاری ہونے کے بعد پبلک سروس کمیشن نے کے اے ایس 2016مینز امتحان دوبار ہ لینے کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا۔ ریاستی ہائی کورٹ کے جسٹس جنک راج کوتوال اور جسٹس سنجیو کمار شکلا پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اُن 429امیدواروں کی اپیل پر حتمی فیصلہ صادر کیا جو پہلے مرحلے کے امتحان کے بعد شارٹ لسٹ تو کئے گئے تھے لیکن انہیں ’’ری والویشن‘‘کے عمل کے دوران میرٹ کی بنیاد پر مینز امتحانات میں شامل ہونے کی اجازت نہیںدی گئی۔ڈویژن بینچ نے اپنے فیصلے میں پبلک سروس کمیشن کی طرف سے اب تک لیا گیا کے اے ایس 2016کا مینز امتحان کالعدم قرار دینے کے احکامات صادر کئے اور ساتھ ہی کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ یہ امتحانات از سرنو منعقد کرے۔واضح رہے کہ پبلک سروس کمیشن نے 429امیدواروں کو امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دینے سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھاجسے ڈویژن بینچ نے اب برقراررکھا ہے ۔429امیدواروں نیــ"Answer Key"غلط ہونے کے بارے میں کئی شکایات درج کی تھیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں بتایا ’’ہم مینز امتحانات جو فی الوقت کسی بھی مرحلے پر ہوں،کو منسوخ کرنے اورپبلک سروس کمیشن کو یہ امتحان دوبارہ منعقد کرنے کی ہدایت دیتے ہیں‘‘۔ڈویژن بینچ نے مذکورہ 429امیدواروں کو بھی مینز امتحانات میں شامل ہونے کی اجازت دینے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔عدالت عالیہ نے اپنے حکمنامہ میںپبلک سروس کمیشن کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ وہ ایسے2365امیدواروں کو بھی امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دے جنہوں نے’ری والویشن’کے عمل کے دوران429امیدواروں میںشامل آخری امیدوار کے برابر یا اُس سے زیادہ نمبرات حاصل کئے ہوں یا اعلیٰ میرٹ حاصل کیا ہے ۔ عدالت نے اپنے فیصلے میںبتایاــ’’چونکہ یہ امتحانات قانونی کارروائی کی وجہ سے منسوخ کردئیے گئے ہیں،ہمیں یقین ہے کہ پبلک سروس کمیشن امتحانات منعقد کرنے کیلئے فوری انتظامات کرے گا اور یہ عمل مکمل کرکے وقت ضائع کئے بغیر نتائج ظاہر کرے گا ۔ذرائع نے بتایا کہ عدالتی احکامات جاری ہونے کے بعد جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن نے عدالتی ہدایات کو تسلیم کرتے ہوئے کے اے ایس 2016مینز امتحان از سر نو لینے کیلئے نیا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امتحانا ت منعقد کرانے کیلئے نیا نوٹیفکیشن 2روز کے اندر اندر جاری کیا جائے گا۔ اب کمیشن کو ایسے 1400سے زائد امیدواروں کو امتحان میں شامل ہونے کی اجازت دینے ہوگی جنہیں اس سے پہلے مینز امتحانات کیلئے نااہل قرار دیا گیا تھا ۔