سرینگر// 2016شہری ہلاکتوں سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے بشری حقوق کے ریاستی کمیشن نے ڈائریکٹر جنرل پولیس اور چیف سیکرٹری کے نام نوٹسیں جاری کیں۔ ریاستی کمیشن میں دلشادہ شاہین کے روبرو2016میں ہوئی شہری ہلاکتوں سے متعلق کیس کی شنوائی ہوئی،جس کے دوران دلشادہ شاہین نے ریاستی چیف سیکریٹری اور پولیس کے سربراہ کے نام نوٹسیں جاری کرتے ہوئے3 جون سے قبل تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔سنیچر کو شنوائی کے دوران ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل ایم ایم خان اور سی پی ائو ممتاز خان کے علاوہ عرضی دہندہ محمد احسن اونتو بھی موجود تھے۔ اس سے قبل انٹرنیشنل فورم فار جسٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے2016میں حزب کمانڈر برہان وانی کے جاں بحق ہونے کے بعد وادی کے یمین و یسار میں شہری ہلاکتوں کی کمیشن کی تحقیقاتی ونگ سے جانچ کرنے کی درخواست دی تھی۔عرضی میں کہا گیا کہ ریاست کے کسی بھی حصے میں فوج یا پولیس کی طرف سے ہلاکتیں بلاجواز ہیں۔ عرض گزار نے انسانی حقوق کے ریاستی کمیشن سے استداء کی تھی کہ ان شہری ہلاکتوں کے حقائق کو جاننے کیلئے تحقیقاتی شعبے سے جانچ کی جائے۔