سرینگر // سال2002میں ہند وپاک کے درمیان ہوئی گولہ باری کے دوران کرناہ کے گبرہ نامی گائوں میںگرے بم کو 16برس بعد ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔لوگوں کے مطابق 2003میں ہوئی جنگ بندی کے بعد اگرچہ کرناہ کی سرحدیں پرامن ہیں اور وہاں بھاری گولہ باری کا کوئی بھی بڑا واقع پیش نہیں آیا تاہم 2003سے قبل یعنی 2002میں پاکستانی فوج کی جانب سے داغا گیا ایک گولہ گبرہ گائوں کے ایک نالہ میں سکول کے قریب گر کر پھٹنے سے رہ گیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ چند روز قبل نالہ دروئی میں سیلاب آیا تھا جس کی وجہ سے آس پاس زمین کے حصے پانی نے اپنے ساتھ لئے اور زمین کے بہت نیچے دھنس گیا گولہ بھی اوپر آیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گولہ بھاری تھا لیکن بہت زنگ آلودہ تھا اور انہیں اندازہ ہوا کہ فائر بندی سے قبل گولہ کسی جگہ گرا ہوگا اور تب سے پڑا ہوا تھا ۔بعد میں فوج کے بم ڈسپوزل سکارڈ کو طلب کیا گیا جس نے اسے ناکارہ بنا کر ممکنہ حادثہ کو ٹال دیا۔