سرینگر//نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے 16مارچ کو انسانی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب سے معاہدہ امرتسر کے ذریعے برطانیہ کے ہاتھوں کشمیر کی جملہ آبادی ڈوگرہ حکام کوفروخت کی گئی، تب سے لگاتار یہاں کے عوام کے سروں پر قبضے کی تلوار لٹک رہی ہے جو اب گذشتہ سات دہائیوں سے بھارت کے ہاتھ میں ہے۔ بارہمولہ میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نعیم احمد خان نے کہا کہ یہاں کے لوگ گذشتہ ستر برس سے ناقابل بیان ستم جھیل رہے ہیں اور خاص کر یہاں کے نوجوانوں کو اس لئے عذاب و عتاب کا شکار بنایا جارہا ہے تاکہ ہماری نئی نسل مسلسل خوف میں مبتلا رہتے ہوئے زندگی گذارے اور اس طرح بھارت کے خلاف آواز اٹھانے والا کوئی موجود نہ رہے۔ انہوں نے پارٹی عہدیداروں کو بتایا کہ کشمیر کا ایک چھوٹا سا خطہ ہے جہاں آباد لوگ عرصہ دراز سے بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کے ہاتھوں متاثر ہوتے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ہر طرح کا ظلم روا رکھا جارہا ہے اور امریکہ کی حالیہ رپورٹ اس کا واضح ثبوت ہے ۔