سرینگر//سپریم کورٹ نے سوموار کو ایک فیصلے میں نئی دہلی میں15برس پرانی پٹرول اور 10سال پرانی ڈیزل گاڑیوں کے چلنے پر پابندی عائد کردی اور ٹرانسپورٹ کے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ اگر وہ ایسی گاڑیوں کو قومی راجدہانی میں کہیں چلتے ہوئے دیکھیں تو انہیں فوری طور ضبط کیا جائے ۔دہلی خطے میں ماحولیاتی آلودگی کی صورتحال کو ’’بہت نازک‘‘اور’’خطرناک‘‘قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ مرکزی پولیوشن کنٹرول بورڈ اور ٹرانسپورٹ محکمہ کی ویب سائٹ پر تمام15برس پرانی پٹرول اور10سال پرانی ڈیزل گاڑیوں کی فہرست کو دستیاب رکھا جائے ۔جسٹس مدن بی لوکر ،ایس عبدل نظیر اوردیپک گپتا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس سلسلے میں اشتہارات اخباروں میں شائع کئے جانے چاہیئے ۔بنچ نے سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر فوری طور ایک اکائونٹ بنائیں جس میں شہری براہ راست ماحولیاتی آلودگی سے متعلق شکایات درج کراسکیں اور جن پرحکام فوری طور کارروائی کریں گے۔اس سے قبل نیشنل گرین ٹریبیونل نے بھی قومی راجدہانی دہلی میں15برس پرانی پٹرول اور10سال پرانی ڈیزل گاڑیوں کے چلنے پر پابندی عائد کی تھی۔شنوائی کے دوران عدالت نے میڈیا کی ان رپورٹس کا بھی حوالہ دیا جن میں لوگوں کو ماحولیاتی آلودگی کی سطح زیادہ ہونے کی وجہ سے صبح کی پہل قدمی کو ترک کرنے کی صلاح دی گئی تھی۔