سرینگر// 15اگست کی تقریبات پر امن طور منعقد کئے جانے کے پیش نظر سیکورٹی کے فقید المثال بندوبست کئے گئے ہیں جبکہ ممکنہ مسلح حملوں کے خدشات کے پیش نظر 15اگست کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات کے حوالے سے جنوب تا شمال تلاشیوں اور ناکوں کا سلسلہ بھی تیز کیا گیا ہے۔ ممکنہ مسلح حملوںاور یوم آزادی کے پیش نظر وادی کشمیر میں سیکورٹی کو اور زیادہ متحرک کردیا گیا ہے جبکہ فورسز کو یہ واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی گڑ بڑ کو روکنے کیلئے آپس میں بہتر تال میل بنائے رکھیں ۔ ادھر جنگجویانہ حملوں میں آئی تیزی کے نتیجے میں پوری وادی میں 15اگست کے حوالے سے سیکورٹی صورتحال انتہائی کشیدہ بنی ہوئی ہے جبکہ سیکورٹی فورسز اور سراغرساں ایجنسیوں نے کسی بھی گڑ بڑ کو روکنے کیلئے صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی ہوئی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 15اگست کے سلسلے میں وادی کشمیر میں منعقد ہونے والی تقریبات کو احسن طریقے سے انجام دینے کیلئے تکونی سیکورٹی حصار قائم کیا جارہا ہے۔ اس دوران گزشتہ ایک ہفتے سے پوری وادی میں پولیس و فورسز نے نجی و مسافر گاڑیوں اور راہگیروں کی جامہ تلاشی کارروائیوں میں شدت لائی جو ہنوز جاری ہے ۔ جگہ جگہ گاڑیوںکی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے جبکہ راہ گیروں سے پوچھ تاچھ کا عمل بھی تیز کردیا گیا ہے ۔ ادھر 15اگست کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقاریب کے پیش نظر ریاست کی گرمائی راجدھانی سرینگر اور سرمائی راجدھانی جموں کے علاوہ ریاست کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیںجبکہ سرینگر میں منعقد ہونے والی سب سے بڑی تقریب کے پیش نظر پولیس اور سی آر پی ایف نے چند روز قبل ہی بخشی اسٹیڈیم کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرینگر میں 15اگست کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب کے موقعے پر وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی پرچم لہرائیںگے اور پریڈ پر سلامی لیںگی۔ بخشی اسٹیڈیم سرینگر کے گردنواح کے علاقوں کے لوگوںنے بتایا کہ 15اگست کے پیش نظر حسب روایت انہیں اپنی رہائش گاہوں اور تجارتی مراکز کی بالائی منزلوں کو خالی کرانے کیلئے کہا گیا کہ عمومی طور 15اگست کی تقریب کے پیش نظر اس علاقے میں سرکاری اور نجی عمارات کی اوپری منزلوں میں فورسز کے خصوصی دستوں کے ساتھ ساتھ شارپ شوٹرس کو تعینات کیا جاتا ہے ۔ اس دوران معلوم ہوا ہے کہ 15اگست کی تقریب کے پیش نظر بخشی اسٹیڈیم سے گزرنے والے راستوںکو 14اگست کی شام سے ہی عام ٹریفک کی آمد ورفت کیلئے بند کیا جائے گا جبکہ 15اگست کے روز کچھ مخصوص گاڑیوں کے علاوہ کسی بھی گاڑی کو بخشی اسٹیڈیم کے نزدیک جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والی 15اگست کی تقریب کے موقعہ پر ہونے والی خصوصی پریڈ میں ریاستی پولیس ، سی آر پی ایف ، این سی سی اور دیگر کچھ سیکورٹی ایجنسیوں کے علاوہ مختلف سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء وطالبات بھی حصہ لیں گے ۔ 15اگست کی تقاریب کے پیش نظر ریاستی پولیس اور فورسز کے علاوہ دیگر تمام سیکورٹی وخفیہ ایجنسیوںکو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے کیونکہ مختلف سراغرساں ایجنسیوںکو خدشہ لاحق ہے کہ 15اگست کی تقاریب کو نشانہ بنانے کیلئے جنگجوئوں کی طرف سے ممکنہ طور حملے ہوسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر سرینگر میں حساس مقامات پر خفیہ کیمرے متحرک کردئیے گئے ہیں جبکہ فورسز نے اہم مقامات پر مشکوک افراد کی سرگرمیوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے خصوصی اسکارڈ بھی تشکیل دئیے ہیں۔ اُدھر وادی کے دیگر ضلعی و تحاصیل صدر مقامات پر بھی 15اگست کی تقریب کے پیش نظر سیکورٹی کو قبل از وقت ہی اور زیادہ سخت کردیا گیا ہے اور تمام اضلاع میں فورسز کو چوکنا رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے ۔ ریاستی پولیس کے سربراہ ایس پی وید کا کہنا ہے کہ15اگست کی تقریبات کو احن طریقے سے انجام دینے کیلئے اقدمات اٹھائے گئے ہیں،جبکہ انہوں نے شہریوں کو ان تقریبات میں شمولیت کرنے دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلا خوف و خطر15اگست کی تقریبات میں شامل ہوسکتے ہیں۔