سرینگر// مرکزی تفتیشی ادارے’’این آئی اے‘‘ نے پیرکو لیتہ پورہ اونتی پورہ میں سی آر پی ایف کیمپ پر حملے میں ملوث مبینہ طور پرجیش محمد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا۔ بیان کے مطابق گرفتار کیا گیا فیاض احمد ماگرے جیش محمد کا ایک متحرک بالائے زمین کارکن ہے۔ این آئی اے کے بیان میں کہا گیا کہ فیاض احمد نے لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف کیمپ پر حملے سے قبل کیمپ کا احاطہ یا جاسوسی کی تھی،جبکہ وہ اس حملے میں سازش کرنے والا ایک کلیدی کردار رہے۔بیان کے مطابق انہوں نے نہ صرف جنگجوئوں کو چھپنے کیلئے جگہ فراہم کی بلکہ انہیں لاجسٹک تعاون بھی دیا۔این آئی اے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فیاض احمد پر2001 میں ریاستی پولیس نے پی ایس اے بھی نافذ کیا تھا اور وہ16ماہ تک جیل میں بند تھا۔لیتہ پورہ میں سی آر پی ایف کیمپ پر30اور31دسمبر 2017کی درمیانی شب جیش محمد سے وابستہ جنگجوئوں نے حملہ کیا تھا۔اس حملے میںفردین احمد کھانڈے اور منظور بابا ساکن پلوامہ کے علاوہ عبدالشکور بابا ساکن راولا کوٹ پاکستان جاں بحق ہوئے تھے۔حملے میں5اہلکار ہلاک جبکہ3زخمی ہوئے تھے۔