نیوز ڈیسک+عارف بلوچ
سرینگر+اننت ناگ// اب تک 1.28 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے جاری امرناتھ یاترا انجام دی ہے جبکہ بدھ کو 6,415 یاتریوں کا ایک اور جتھا جموں سے وادی کے لیے روانہ ہوا۔یاترا کے امور کا انتظام کرنے والے امرناتھ شرائن بورڈ عہدیداروں نے بتایا کہ اب تک 1.28 لاکھ سے زیادہ یاتریوں نے یاترا کی ہے، جو کہ گزشتہ جمعہ کو گھپا کے قریب بادل پھٹنے کی وجہ سے دو دن کے لیے روک دی گئی تھی جس میں کم از کم 16 افراد ہلاک جبکہ 15000 کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
اس کے بعد یاترا بالتل اور پہلگام دونوں راستوں سے دوبارہ شروع کی گئی ہے۔ بدھ کو 6,415 یاتریوں کی ایک اور کھیپ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے وادی کے لیے دو حفاظتی قافلوں میں روانہ ہوئی۔ان میں سے 2428 بالتل جبکہ 3,987 پہلگام جا رہے ہیں۔بالتل روٹ استعمال کرنے والوں کوگھپا تک پہنچنے کے لیے 14 کلومیٹر پیدل سفر کرنا پڑتا ہے اور وہ اسی دن درشن کرنے کے بعد بیس کیمپ واپس آتے ہیں۔روایتی پہلگام راستے کا استعمال کرنے والوں کوگھپا تک پہنچنے کے لیے 48 کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑتا ہے۔دونوں راستوں پر یاتریوںکے لیے ہیلی کاپٹر کی خدمات دستیاب ہیں۔43 روزہ امرناتھ یاترا 30 جون کو شروع ہوئی اور 11 اگست کو ختم ہوگی۔
دریں اثناء مہنت دیپندر گری سرینگر میں چھڑی مبارک کودشنامی اکھاڑہ سے لیکر پہلگام کیلئے روانہ ہوئے جہاںبھومی پوجن، نوگرہ پوجن اورچھڑی پوجن کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مذہبی اعتبار سے اشنان پورنیما سے شراون پورنیما کے درمیان آج سے ہی امر ناتھ یاترا شروع ہوتی ہے۔
یاتری حرکت قلب بند ہونے سے فوت
غلام نبی رینہ
کنگن //کلن گنڈ کنگن میں 45 سالہ یاتری دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ امرناتھ یاترا کرکے واپس لوٹ رہی ایک 45سالہ خاتون فرن دییا زوجہ دیا شنکر ساکن یوپی، سونہ مرگ کے نزدیک گاڑی میں اچانک بیوشن ہوگئی، جس کے بعد مذکورہ خاتون کو فوری طور پر کلن ہسپتال لیاگیا ،جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔